ریوا(ایچ ڈی نیوز)۔
ایک پرائیویٹ بس جو تلنگانہ کے حیدرآباد سے اترپردیش کے گورکھپور جارہی تھی مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع میں ایک خوفناک حادثہ کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں 15 لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ ضلع ہیڈکوارٹر سے 70 کلومیٹر دور سوہاگی پہاڑی پر جمعہ کی دیر رات پیش آیا۔ بس اور ٹرک (ٹریلر) کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔ اس حادثے میں تقریباً 40 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ بس حیدرآباد سے اتر پردیش کے گورکھپور جا رہی تھی۔ بس میں 55 سے زائد افراد سوار تھے۔ مرنے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق اتر پردیش سے بتایا جاتا ہے۔ سبھی مزدور ہیں، جو دیوالی منانے اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق حیدرآباد سے گورکھپور جانے والی بس جبل پور-ریوا کے راستے جمعہ کی رات تقریباً 11.30 بجے نیشنل ہائی وے-30 پر واقع سوہاگی پہاڑ پر اترتے وقت حادثے کا شکار ہوگئی۔ عینی شاہدین کے مطابق بس کی رفتار بہت تیز تھی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ دیر رات کلکٹر منوج پشپا سمیت پولیس انتظامیہ کی ٹیم زخمیوں کو دیکھنے کے لیے سول اسپتال تیوتھر پہنچی اور زخمیوں کا حال معلوم کیا۔ کلکٹر نے موجود ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ ہر ممکن طبی علاج فراہم کریں۔
تھانہ انچارج اونکار تیواری نے بتایا کہ 12 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ دو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، تونتھر اور ایک شخص کی موت سنجے گاندھی اسپتال، ریوا میں ہوئی ہے۔ دیگر افراد کا علاج کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں میں سے 8 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بس میں زیادہ تر لوگ مزدور تھے، جو دیوالی منا کر اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔
حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد اتر پردیش اور بہار کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔ اب تک جن لوگوں کی شناخت ہوئی ہے ان میں راجو انصاری (30) ولد محمد صفی ساکن اتسیلا ضلع بلرام پور اور محمد کریم عرف للو (40) ولد محمد وسیم ساکن گاندھی نگر، بلرام پور شامل ہیں۔ ریوا کی ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر 8319706674 جاری کیا گیا ہے، آپ یہاں کال کر کے حادثے سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ریوا میں ہوئے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ریلیف فنڈ سے مرنے والوںکے لواحقین کو دو- دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ وہیں اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ٹویٹ کے ذریعے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش کے ریوا میں سڑک حادثے میں جانی نقصان بہت افسوسناک ہے۔ بھگوان شری رام سے پرارتھنا ہے کہ وہ آنجہانیوں کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔ میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ ریوا میں حیدرآباد سے گورکھپور جانے والی مسافر بس کے حادثہ کے بارے میں افسوسناک خبر ملی۔ میں اس انتہائی دلخراش حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ میں ایشور سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی پرارتھنا کرتا ہوں۔ ضلع کلکٹر، ایس پی سمیت سینئر افسران کی موجودگی میں ہم نے پوری رات ریسکیو آریشن چلایا ہے۔ سنگین طور سے زخمی مسافروں کا ریوا میڈیکل کالج میں علاج چل رہا ہے۔ اس حادثے سے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی مطلع کرایا ہے۔