نئی دہلی،23جنوری(ایچ ڈی نیوز)۔
بھارتی ٹیم ہاکی عالمی کپ2023سے باہرہوگئی ہے۔اتوار کو کھیلے گئے کلنگا اسٹیڈیم میں ہاکی ورلڈ کپ کے کراس اوور میچ میں ہندوستانی ٹیم کونیوزی لینڈ نے شوٹ آوٹ میں5-4سے شکست دے دی۔ اس شکست کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم ہاکی ورلڈ کپ 2023 سے باہر ہو گئی ہے جب کہ نیوزی لینڈ نے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنالی ہے۔
میچ 3-3 کی برابری پر ختم ہوا تھا، جس کے بعد نتیجہ پینالٹی شوٹ آوٹ کے ذریعہ آیا۔اس سے پہلے ہندوستان نے اپنے آخری میچ میں اسپین کو شکست دی تھی، جس کی وجہ سے وہ گروپ ڈی میں دوسرے نمبر پر رہا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم گروپ کے پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر تھی اور اسے براہ راست کوارٹر فائنل میں جگہ ملی۔ ہندوستان کے پاس صرف کراس اوور میچ کے ذریعہ ہی کوارٹر فائنل تک پہنچنے کا راستہ تھا۔
آج کے میچ کی بات کریں تو شوٹ آو¿ٹ کے دوران نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شروع سے ہی اچھی گرفت برقرار رکھی تھی۔ 2-2 تک شوٹ آوٹ میں دونوں ٹیمیں برابری پر چل رہی تھیں۔ تاہم اس کے بعد ہندوستان نے ایک موقع گنوا دیا اور بس اسی کا فائدہ کیوی ٹیم نے اٹھالیا۔
ہندوستانی ہاکی ٹیم کی اس کے بعد کوشش تھی کہ کسی طرح مہمان ٹیم کا ایک موقع گنوا دیا جائے اور ان کے تمام مواقع پر گول اسکور کئے جائیں۔
نیوزی لینڈ کے پاس اضافی موقع ہونے کے باوجود ہندوستان شوٹ آو¿ٹ میں 4-4 تک پہنچ گیا، لیکن یہ ایک موقع ضائع کرنے کی وجہ سے مہمان ٹیم نے شوٹ آو¿ٹ میں ہندوستان کو 5-4 سے شکست دیدی۔ہندوستانی ہاکی ٹیم نے شروع سے ہی میچ پر گرفت بنا رکھی تھی، لیکن جیسے ہی میچ اپنے آخری مرحلے میں پہنچا، نیوزی لینڈ نے واپسی کی۔ پہلے ہاف میں ایک موقع پر ہندوستان کو 2-0 کی برتری حاصل تھی۔ یہاں سے ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو واپسی کا موقع دیدیا۔ ہندوستان کی جانب سے للت اپادھیائے (17ویں منٹ)، سکھجیت سنگھ (24ویں منٹ) اور ورون کمار (40ویں منٹ) نے گول کئے۔وہیں نیوزی لینڈ کی جانب سے سیم لین (28ویں منٹ) نے فیلڈ گول کیا جبکہ کین رسیل (43ویں منٹ) اور شان فائنڈلے (49ویں منٹ) نے پینالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا۔ کوارٹر فائنل میں اب نیوزی لینڈ کا مقابلہ موجودہ عالمی چیمپئن بیلجیئم سے ہوگا۔