ہیما مالنی اداکاری کی دنیا کا ایک ایسا نام ہے جس نے اداکاری سے سیاست تک ایک طویل اور کامیاب سفر طے کیا۔ ہمہ جہت صلاحیت رکھنے والی ہما مالنی16 اکتوبر 1948 کو مدراس کے امن کڑی ضلع میں پیدا ہوئیں۔ ہیما مالنی کے والد کا نام وی ایس چکرورتی تھا۔ ہیما مالنی کی ماں جیا چکرورتی ایک فلم پروڈیوسر تھیں۔ گھر میں فلمی ماحول کی وجہ سے ہیما مالنی بھی فلموں کی طرف مائل تھیں۔ اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہیما مالنی کو 1961 میں ایک مختصر ڈرامے ‘پانڈو ونواسم’ میں بطور ڈانسر کام کرنے کا موقع ملا لیکن اس کے بعد ہیما مالنی کو اداکاری کی دنیا میں قدم جمانے کے لیے طویل جدوجہد کرنی پڑی۔
1968 میں ہیما کو راج کپور کے ساتھ فلم ‘سپنوں کے سوداگر’ میں کام کرنے کا موقع ملا، جو ہیما مالنی کی بالی ووڈ میں پہلی فلم تھی۔ لیکن یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی۔ سال 1970 میں ہیما کو اداکار دیو آنند کے ساتھ فلم ‘جانی میرا نام’ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ ہیما نے اس فلم سے سب کی توجہ مبذول کرائی۔ اس کے بعد ہیما ایک کے بعد ایک کئی فلموں میں نظر آئیں جن میں سیتا اور گیتا، شعلے، تم حسین میں جوان وغیرہ شامل ہیں۔ سال 1977 میں آئی فلم ڈریم گرل کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔ ہیما نے اس فلم میں پانچ طرح کے کرداربخوبی ادا کیے ہیں۔ اس فلم کے ایک گانے ‘ڈریم گرل’ کے بعد ہیما کو فلم انڈسٹری میں ڈریم گرل کہہ کر مخاطب کیا جانے لگا۔
ہیما مالنی نے 150 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔ اداکاری کے علاوہ ہیما مالنی نے چھوٹے پردے کے سیریل نوپور اور موہنی کی ہدایت کاری بھی کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے 1992 میں شاہ رخ خان کی فلم ‘دل آشنا ہے’ بھی پروڈیوس کی۔ 2000 میں ہیما مالنی کو تفریحی دنیا میں ان کی خدمات کے لیے پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بالی ووڈ میں نام اور شہرت کمانے کے بعد ہیما نے سیاست کا رخ کیا اور 2004 میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ سال 2014 میں وہ متھرا سے لوک سبھا کی رکن منتخب ہوئیں اور اب تک اس عہدے پر ہیں۔
ہیما مالنی کی ذاتی زندگی کی بات کریں تو انہوں نے 1979 میں فلم اداکار دھرمیندر سے شادی کی۔ دھرمیندر پہلے ہی شادی شدہ تھے اور ہیما سے شادی کے لیے اسلام قبول کر لیا۔ ہیما مالنی اور دھرمیندر کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور اہانہ دیول ہیں۔