نئی دہلی،یکم اگست (ایچ ڈی نیوز)۔
:ہریانہ کے میوات اور سوہنا میں دوفرقوں کے درمیان تشدد پھوٹ پڑا،دیکھتے ہی دیکھتے تشدد کی آگ گرو گرام، فریدآباد تک پہنچ گئی۔ یہاں دونوں فرقوں نے ایک دوسرے پر جم کر پتھر چلائے۔قریب 90گھاڑیوں میں توڑ پھوڑ اور آگ زنی کی گئی۔ اس تشدد کی شروعات نوح سے ہوئی جہاں برج منڈل یاترا کے دوران دو فرقوں میں ٹکراو¿ ہوگیا۔دیکھتے ہی دیکھتے ہنگامہ اتنا بڑھ گیا کہ پتھر کے ساتھ ساتھ گولیاں بھی چلیں۔ تشدد میں دو ہوم گارڈ سمیت 3کی موت ہوگئی۔ جبکہ10سے زیادہ پولس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ تشدد کو دیکھتے ہوئے نوح میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ انٹرنیٹ پر بھی تین دن کےلئے روک لگادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گروگرام، فریدآباد اور ریواڑی میں دفعہ144نافذ کردیا گیا ہے۔ ان جگہوں پر اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔ ہریانہ حکومت نے نوح ضلع میں قانون وانتظار کی صورتحال بنائے رکھنے کے لئے مرکز سے ایک ہفتہ کے لئے ریپڈ ایکشن فورس کی20کمپنیاں طلب کی ہیں۔ انہیں ضلع کے حساس علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہریانہ کے نوح ضلع میں وشو ہندو پریشد کی طرف سے نکالی گئی شوبھا یاترا میں کچھ شرارتی عناصرشامل ہوگئے تھے جنہوں نے موقع کا فائدہ اٹھاکرہنگامہ شروع کردیا ۔ اس دوران دونوں طرف سے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا اور کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ ایسے میں پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے۔ ادھر نوح میں بگڑتی ہوئی صورتحال کا اثر دیگر اضلاع میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ مسلم اکثریتی نوح میں تشدد کی خبر پھیلتے ہی پڑوسی ضلع گروگرام کے سوہنا میں مشتعل ہجوم نے چار گاڑیوں اور ایک دکان کو نذر آتش کر دیا۔ اس دوران مظاہرین نے سڑک پر گھنٹوں ٹریفک روکا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ نوح کے تشدد میں تقریباً ایک درجن پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ ان میں سے آٹھ کو گروگرام کے میدانتا اسپتال لے جایا گیا۔ ہوڈل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سجن سنگھ کو سر میں اور ایک انسپکٹر کے پیٹ میں گولی لگی ہے۔ وہیں نیرج نامی ہوم گارڈ کی اسپتال میں موت ہوگئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جلائی گئی گاڑیاں جلوس کا حصہ رہے لوگوں اور پولیس کی تھیں۔ ویڈیو کلپ میں کم از کم چار کاروں کو جلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک اور مبینہ ویڈیو میں پولیس کی دو تباہ شدہ کاریں دکھائی دے رہی ہیں۔
کلپ میں گولیوں کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں۔وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے نوح ضلع میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر عوام سے امن کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ سبھی مسائل کو بات چیت کے ذریعہ حل کیا جا سکتا ہے۔ امن کی اپیل کرتے ہوئے وزیراعلی کھٹر نے کہا کہ ریاست کے سبھی شہریوں کو ہریانہ ایک ہریانوی ایک کے اصول پر عمل کرتے ہوئے سماج اور ریاست کے مفاد میں تعاون کرنا چاہئے۔وہیں نوح سے کانگریس ایم ایل اے چودھری آفتاب احمد نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے اور افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی ہے۔ اس دوران انہوں نے سیکورٹی کے نظام پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ صورتحال افسوسناک ہے۔ انتظامیہ اور پولیس کی ایسی ناکامی میں نے کبھی نہیں دیکھی۔
