ممبئی، 19جولائی(ایچ ڈی نیوز)۔
بھارتی کرکٹراور آل راونڈر ہاردیک پانڈیا اور ان کی اہلیہ نتاشا اسٹینکووچ نے باہمی رضامندی سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ہاردیک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ نے اس حوالے سے باضابطہ مشترکہ بیان سوشل میڈیا پر جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 4 سال تک ساتھ رہنے کے بعد انہوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔پانڈیا نے کہا کہ ہم نے ایک ساتھ رہنے کی بہت کوشش کی اور اپنا سب کچھ دیا، ہمیں یقین ہے کہ علیحدگی ہم دونوں کے بہترین مفاد میں ہے، ہمارے لیے یہ ایک مشکل فیصلہ تھا۔ہاردیک پانڈیا نے یہ بھی کہا کہ ہم اپنے بیٹے اگستیا کی پرورش کو پیرنٹ کے طور پر کریں گے۔ہاردیک پانڈیا نے فینز سے ان کی پرائیویسی رکھنے اور سپورٹ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل اور نازک وقت میں ہماری پرائیویسی کا خیال اور سپورٹ رکھنے کی درخواست کرتا ہوں۔
ہاردیک پانڈیا نے 31 مئی 2020 کو اپنی دیرینہ محبت اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ سے ممبئی کی ایک عدالت میں شادی کی تھی۔2020 میں عالمی وباءکورونا وائرس کی وجہ سے عائد سماجی پابندیوں کے سبب ان کی شادی کی شاندار تقاریب منعقد نہیں ہو سکی تھیں، جس کی وجہ سے انہوں نے گزشتہ برس ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ہندو اور عیسائی ثقافتوں کے مطابق دوبارہ شادی کی تھی۔خیال رہے کہ ہاردیک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ کا ایک تقریباً 4 سال کا بیٹا ’اگستیہ’ ہے جس کی پیدائش جولائی 2020 میں ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ ہاردیک پانڈیا اور ان کی اہلیہ و سربین اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ کی علیحدگی کی خبریں چند ماہ پہلے سامنے آئی تھیں، جس کا باقاعدہ اعلان آج ہاردیک پانڈیا نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے کیا ہے۔