بی جے پی اقلیتی محاذ ملک بھر میں ’ہر گھر ترنگا‘ مہم چلائے گا: جمال صدیقی
Har Ghar Tiranga
نئی دہلی، 04 اگست(ایچ ڈی نیوز)۔
یوم آزادی کے موقع پر، پی ایم مودی اور قومی صدر جے پی نڈا کی رہنمائی میں، بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ، قومی صدر جمال صدیقی کی قیادت میں، 11 سے 14 اگست تک ملک بھر میں اقلیتی برادریوں کا دورہ کرے گا اورہر گھر ترنگامہم چلاۓگا۔ قومی صدر جمال صدیقی نے ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کے قومی انچارج اور شریک انچارج کا اعلان کردیا۔ مورچہ کے قومی وزیر سید ابراہیم کو مہم کا قومی انچارج بنایا گیا۔قومی ایگزیکٹیو ممبر محمد خورشید اور جوزف جان ہاکنز کو شریک انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پی ایم مودی کی کال پر بھارتیہ جنتا پارٹی اس سال بھی یوم آزادی کے موقع پر ‘ہر گھر ترنگا’ مہم کے تحت 11 سے 14 اگست تک ملک بھر میں مختلف سرگرمیاں منعقد کرے گی۔
Har Ghar Tiranga
اسی سلسلے میں قومی صدر جمال صدیقی کی صدارت میں، بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور اقلیتی مورچہ کے انچارج دشینت گوتم نے ایک ورچوئل میٹنگ کے ذریعے ‘ہر گھر ترنگا’ مہم اور “ڈاکٹر کلام اسٹارٹ اپ یوتھ ایوارڈ” پروگرام کا جائزہ لیاجس میں مورچہ کے عہدیدار اور تمام ریاستی صدور موجود تھے۔اس موقع پر قومی صدر جمال صدیقی نے کہا کہ اقلیتی مورچہ ملک بھر میں اقلیتی برادریوں میں جائے گا اور ‘ہر گھر ترنگا’ مہم چلائے گا۔جمال صدیقی نے مورچہ کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ عام لوگوں کو ترنگا پیش کریں اور انہیں 15 اگست کو اپنے گھروں، اداروں، دفتروں، درگاہوں اور مدارس پر ترنگا لہرانے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے بتایا کہ مورچہ کے عہدیدار شہدائے آزادی کیپٹن عثمان اور ویر عبدالحمید کی قبر پر ترنگا پرچم بھی لہرائیں گے اور کشمیر میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے اور انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ آزادی پسندوں کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے یادیں تازہ کریں گے۔ 11 سے 14 اگست تک بی جے وائی ایم ملک بھر میں ترنگا یاترا نکالے گا جس میں مورچہ کے عہدیدار اور کارکنان بھی شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آزادی کا امرت مہوتسو منایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم کا مطالبہ ہے کہ ہر گھر، دکان اور عمارتوں پر ترنگا نصب کیا جائے۔ جس کے ذریعے دنیا میں یہ پیغام جائے کہ اس ملک میں جہاں تمام مذاہب برابر ہیں، ملک اور ترنگے سے محبت ہے۔ اس میں اقلیتی برادری بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے مہم کو کامیاب بنائے گی۔
