غزہ،05فروری:حماس نے چند روز میں 15 اسرائیلی فوجی مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔ترجمان القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ حملے میں اسرائیل کی 43 فوجی گاڑیاں تباہ کردی ہیں۔رپورٹس کے مطابق حملے میں اسرائیل کے 4 فوجی ڈرون قبضے میں لیے گئے جبکہ تل ابیب پر بھی راکٹ حملے کیے گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے مزید 130 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ادھر یمن پر امریکا اور برطانیہ کے حملے جاری ہیں، روس کی درخواست پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا۔
ادھر غزہ کی وزارتِ صحت نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ سات اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کل 27,365 فلسطینی ہلاک اور 66,630 زخمی ہو چکے ہیں۔وزارت نے مزید کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 127 فلسطینی ہلاک اور 178 زخمی ہوئے۔سات اکتوبر کو حماس کے سینکڑوں مزاحمت کار زمینی، فضائی اور سمندری راستے سے اسرائیل میں داخل ہو گئے اور شہریوں کو سڑکوں، ان کے گھروں اور ایک آو¿ٹ ڈور ریو پارٹی میں ہلاک کر دیا جس کے بعد اسرائیل نے غزہ میں اپنی فوجی مہم کا آغاز کر دیا۔ اسرائیل کہتا ہے کہ اس حملے میں تقریباً 1200 افراد مارے گئے۔جنگ نے ایک انسانی بحران پیدا کر دیا ہے، غزہ کے وسیع علاقے مسمار اور لاکھوں لوگ بے سہارا ہو گئے ہیں اور خوراک، پانی اور ادویات کی سپلائی تقریباً ختم ہو چکی ہے۔