پیرس، 28 جولائی (ایچ ڈی نیوز)۔
پیرس اولمپکس 2024 کے میڈل ٹیبل میں ہندوستان کا کھاتہ کھل گیا ہے۔ ہندوستان کے اسٹار شوٹر منو بھاکر نے تاریخ رقم کرتے ہوئے کانسہ کا تمغہ جیت لیا۔ 22 سالہ شوٹر نے اتوار کو خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے کے فائنل میں تیسرے نمبر پر رہنے کے بعد کانسہ کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ وہ اولمپکس میں شوٹنگ میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بن گئیں۔
منو بھاکر نے خواتین کے آٹھ فائنل میں 221.7 کا اسکور حاصل کیا۔ جنوبی کوریا کی دو کھلاڑیوں نے خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں سونے اور چاندی کے تمغے جیتے۔ اوہ یجن نے 243.2 کے اسکور کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا اورکم ایجی نے 241.3 کے اسکور کے ساتھ سلور میڈل جیتا۔
صدرجمہوریہ ہند اور وزیر اعظم نے کانسہ کا تمغہ جیتنے پر منو بھاکر کو مبارکباد دی
ہندوستان کیلئے پیرس اولمپکس میں کانسہ کا تمغہ جیتنے پر صدرجمہوریہ، وزیر اعظم اور ملک کے دیگر رہنماوں نے شوٹرمنو بھاکرکو مبارکباد دی ہے۔ صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ منو بھاکر کو دلی مبارکباد، جنہوں نے پیرس اولمپکس میں 10 میٹر ایئر پسٹل شوٹنگ مقابلے میں کانسہ کا تمغہ جیت کر ہندوستان کا سر فخر سے بلند کیا۔
وہ شوٹنگ کے مقابلے میں اولمپک میڈل جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون ہیں۔ بھارت کو منو بھاکر پر فخر ہے۔ ان کی کامیابی بہت سے کھلاڑیوں خصوصاً خواتین کے لیے متاثر کن ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ وہ مستقبل میں کامیابیوں کی نئی بلندیوں تک پہنچیں، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، یہ ایک تاریخی تمغہ ہے۔ منو بھاکر کو پیرس اولمپکس 2024 میں ہندوستان کے لیے پہلا تمغہ جیتنے پر مبارکباد۔ یہ کامیابی اور بھی خاص ہے کیونکہ وہ ہندوستان کے لیے شوٹنگ میں تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ منو بھاکر کو پیرس اولمپکس 2024 میں کانسہ کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد۔ آپ نے اپنی شاندار کارکردگی سے پورے ملک میں جوش و خروش کی لہر دوڑادی ہے۔ آپ کی کامیابی پر ملک فخر سے بھر گیا ہے۔
