January 26, 2025
Hamari Duniya
دہلی

اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے ٹی جی ٹی اردو کے امتحان کی تیاری کے لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں مفت کوچنگ و اورینٹیشن پروگرام کا آغاز

Jamia and Urdu Academy
نئی دہلی، 29 جولائی(ایچ ڈی نیوز)۔
اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اشتراک سے ٹی۔جی۔ٹی(اردو) کے امتحان کی تیاری کے لیے مفت کوچنگ و اورینٹیشن پروگرام کا انعقاداکادمی برائے فروغِ استعداد اردو میڈیم اساتذہ کے آڈیٹوریم میں کیا گیا۔اس موقع پر اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ کے اعزازی ڈائرکٹر پروفیسر شہزاد انجم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ابھی آپ واقف نہیں ہے کہ اس امتحان میں کس طرح کے سوالات ہوںگے اور ان کے کیا جوابات ہوںگے۔ آپ کی تیاری کے لیے ہم نے بہترین اساتذہ کا انتخاب کیا ہے تاکہ آپ ان سے فائدہ اُٹھا سکیں۔ لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ اس کے لیے شب و روز محنت کی ضرورت ہے۔ کسی امتحان کی تیاری دوچار روز میں نہیں ہوجاتی، اس کے لیے مسلسل اور سخت محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ کلاسز میں مستقل اور پابندی سے حصّہ لیں اور پوری تیاری اور دلجمعی کے ساتھ کلاسوں میں شرکت کریں تاکہ آپ کے لیے آگے آسانیاں پیدا ہوں۔ ہمارا بنیادی مقصد ہے کہ آپ کو راستہ دکھایا جائے، اب آگے کس طرح بڑھنا ہے یہ آپ پر منحصر ہے۔اردو اکادمی، دہلی کے سکریٹری محمد احسن عابد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ کلاسوں میں مستقل شامل ہوں اور امتحان میں کامیاب ہوکر اچھے اساتذہ بنیں۔ آپ کی امتحان کی تیاری کے لیے محنت، محنت اور صرف محنت کی ضرورت ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت دہلی کی کوشش ہے کہ اردو کو فروغ دیا جائے اور فروغ اساتذہ تدریس سے شروع ہوتا ہے۔ آپ اس موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دیں اس لیے کہ آپ ہی کل کے اساتذہ بننے والے ہیں۔
Jamia Urdu Academy
اکادمی برائے فروغ استعداد اردو کے استاد ڈاکٹر واحد نظیر نے اس موقع پر کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کون سا ایسا کام انجام دیں کہ قوم و ملک کے بچے کامیابی حاصل کریں۔ آپ پوری لگن اور محنت کے ساتھ کچھ ہی مہینوں میں طالب علم کی حیثیت سے بڑھ کر اساتذہ کی فہرست میں شامل ہوجائیں گے۔ آپ کے سامنے آپ کا مستقبل دعوت دے رہا ہے کہ آگے بڑھیںاور کامیابی حاصل کریں۔
پروگرام کے آغاز میں عزیز حسن نے پروفیسر شہزاد انجم کا گلدستہ پیش کرکے استقبال کیا۔ڈاکٹر حنا آفریں نے اردو اکادمی کے سکریٹری محمد احسن عابد کا گلدستہ سے استقبال کیا اور محمد ہارون نے ڈاکٹر واحد نظیر کا گلدستہ پیش کرکے خیر مقدم کیا۔
اس سے قبل اکادمی کے اسسٹنٹ پبلی کیشن آفیسر محمد ہارون نے  استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام معزز مہمانان اور طلبہ کا خیرمقدم کیا اور اکادمی کی مختلف سطح پر اردو کی توسیع اور فروغ سے متعلق اردو کے تئیں کارکردگی پیش کی  اور کہا کہ آپ حضرات پابندی وقت کے ساتھ ان کوچنگ کلاسیز میں شرکت کریں اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھاکر امتحان میں کامیابی حاصل کریں ۔ یہ کلاسیز آج سے12؍ اگست 2024 تک صبح ساڑھے نو بجے تا دوپہر ڈھائی بجے جاری رہیں گی۔
 اکادمی برائے فروغ استعداد اردو کی استاذ اور اس کوچنگ پروگرام کی کو آرڈینیٹر ڈاکٹر حنا آفریں نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور آخر میں پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔

Related posts

تمام سیاسی جماعتیں  انتخابی نتائج سے سبق حاصل کریں:امیر جماعت اسلامی ہند

Hamari Duniya

لوک سبھا میں توہین آمیز زبان کا استعمال کرنے والے کونااہل قرار دیا جائے: جماعت اسلامی ہند

Hamari Duniya

عالمی کتاب میلہ میں ترجمہ قرآن مجید سمیت متعدد اسلامی کتابوں کا اجراء

Hamari Duniya