نئی دہلی، 27 جولائی (ایچ ڈی نیوز)۔
وسطی دہلی کے اولڈ راجندر نگر میں واقع آئی اے ایس کوچنگ سینٹر کے تہہ خانے میں پانی بھر جانے کی وجہ سے ہفتہ کو دو طالبات کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بیسمنٹ میں مزید طلبہ پھنسے ہوئے ہیں۔ فی الحال فائر ڈپارٹمنٹ اور این ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر امدادی کاموں میں لگی ہوئی ہے۔ موٹر کے ذریعے تہہ خانے سے پانی نکالا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی دہلی حکومت کے ریونیو منسٹر آتشی نے چیف سکریٹری کو اس معاملے کی جانچ کرکے 24 گھنٹے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ پرانے راجندر نگر میں واقع راو آئی اے ایس اسٹڈی سینٹر کے کوچنگ سینٹر میں ہفتہ کی رات اچانک پانی بھر گیا۔ اس سے وہاں افراتفری پھیل گئی۔ کچھ طلبہ کوچنگ سنٹر سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ کئی تہہ خانے میں اندھیرے کی وجہ سے اندر پھنسے رہ گئے۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیم نے راحت اور بچاو کام شروع کیا اور دیر رات دو لاشوں کو باہر نکالا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال کے مردہ خانہ میں محفوظ رکھوا دیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو لڑکیاں ہیں جن کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام اچانک تیز بارش سے کوچنگ سینٹر کے تہہ خانے میں واقع لائبریری میں پانی بھر گیا۔
پانی بھرتے ہی موقع پر افراتفری مچ گئی۔ وہاں موجود طلبہ نے کسی طرح بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ اس دوران چار پانچ طلبہ وہاں پھنس گئے۔ کچھ ہی دیر میں پورا تہہ خانہ پانی سے بھر گیا۔ حالات کو بگڑتے دیکھ کر معاملے کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کو دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی سات گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ ضلع کے اعلیٰ پولیس افسران بھی پہنچ گئے۔ تہہ خانے میں اندھیرا ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حالات کو بگڑتے دیکھ کر این ڈی آر ایف کی ٹیم کو بلایا گیا۔ فائر ڈپارٹمنٹ نے پمپس کی مدد سے تہہ خانے سے پانی نکالنے کے علاوہ این ڈی آر ایف کے غوطہ خور تہہ خانے میں داخل ہوئے اور طلبہ کی تلاش شروع کی۔ کچھ طالبات نے کہا کہ صرف دو یا تین طالبات نیچے پھنسی ہوئی ہیں، جب کہ کچھ نے بتایا کہ ان کی تعداد چار سے پانچ ہے۔ ضلع کے سینئر پولیس افسران نے بتایا کہ راو آئی اے ایس اسٹڈی سینٹر وسطی دہلی کے اولڈ راجندر نگر علاقے میں بڑا بازار روڈ پر 11-بی میں ہے۔ یو پی ایس سی کے طلبہ یہاں کوچنگ حاصل کرتے ہیں۔
کوچنگ سینٹر نے طلبہ کے پڑھنے کے لیے تہہ خانے میں لائبریری کا انتظام کیا ہے۔ ہفتہ کی شام تقریباً 35 طلبہ یہاں موجود تھے۔ فائر آفیسر اتل گرگ کا کہنا ہے کہ انہیں شام تقریباً 7.15 بجے واقعہ کی اطلاع ملی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی کل 5 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ ہم نے پانی نکالا اور دو لڑکیوں کی لاشیں نکالیں۔ حالانکہ وہاں تین بچوں کے پھنسے ہونے کا اندیشہ تھا۔ ان میں سے دو برآمد کر لیے گئے ہیں۔ پانی ختم ہوتے ہی ہم تیسرے کو بھی ڈھونڈ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تہہ خانے میں 30 طلبہ موجود تھے جن میں سے تین پھنس گئے اور باقی بحفاظت نکل گئے تھے۔ آپ کو بتا دیں کہ جمعہ کو پٹیل نگر علاقے میں بارش کی وجہ سے کرنٹ لگنے سے ایک طالب علم کی موت ہو گئی تھی۔ دارالحکومت دہلی میں پڑھنے کے لیے آنے والے بچوں کی اس طرح کی موت انتہائی تکلیف دہ اور دل دہلا دینے والی ہے۔