نئی دہلی ،07فروری:۔
اترا کھنڈ کے ہلدوانی میں ریلوے کی زمین پر غیر قانونی قبضوں کے معاملے میں آج سپریم کورٹ نے سماعت کی۔لائیو لا کی رپورٹ کے مطابق ہلدوانی میں ریلوے کی جانب سے دعویٰ کی گئی اراضی سے غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کے اتراکھنڈ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر منگل کو سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت اور ریلوے حکام کو متاثرین کی باز آباد کاری پر غور کرنے اور 8 ہفتوں میں بحالی کا حل تلاش کرنے کے لئے کہا ہے ۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت میں ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگاتے ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریہ بھاٹی سے کہا کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ بحالی کے پہلو کو دیکھتے ہوئے ریلوے کو زمین کیسے فراہم کی جا سکتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہم نے اے ایس جی کو بتایا ہے کہ ریلوے کو دستیاب زمین کے مقصد کو حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں رہنے والے افراد کی بحالی کو دیکھنے کے لئے ایک طریقہ کار ہوسکتا ہے۔
عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ ہم نے اے ایس جی کو بتایا ہے کہ ایک ایسا طریقہ کار ہو سکتا ہے جس کے ذریعہ ریلوے کو ان کی زمین بھی دستیاب کرائی جا سکے اور علاقے میں رہنے والے متاثرین کی بحالی بھی کی جا سکے۔ عدالت نے ریاست اور ریلوے سے مزید کہا کہ وہ قابل عمل حل تلاش کریں۔
جسٹس اوک نے زور دیا تھا کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اس کا حل تلاش کریں ‘‘۔ جسٹس کول نے ریاست سے کہا، “ریاست اتراکھنڈ کو ایک قابل عمل حل تلاش کرنا ہوگا ۔
واضح رہے کہ اترا کھنڈ ہائی کورٹ کے حکم کی بنیاد پر، متعلقہ حکام نے 4000 سے زائد خاندانوں کو بے دخلی کے نوٹس جاری کیے، جن کا دعویٰ ہے کہ وہ سرکاری حکام کی جانب سے تسلیم شدہ درست دستاویزات کی بنیاد پر برسوں سے اس علاقے میں رہ رہے ہیں۔ جب یہ معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے آیا تو اس نے ریاست اتراکھنڈ اور ریلوے کو نوٹس جاری کیا اور ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگا دی۔ کہا کہ “…50,000 لوگوں کو 7 دنوں میں نہیں ہٹایا جا سکتا۔ سپریم کورٹ نے پچھلی تاریخ کی سماعت پر خاص طور پر اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ متعدد مکینوں کے پاس لیز اور نیلامی کی خریداری کی بنیاد پر حقوق کا دعویٰ کرتے ہوئے کئی دہائیوں سے وہاں قیام پذیرہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار غریب لوگ ہیں، جو ہلدوانی ضلع کے محلہ نئی بستی کے 70 سال سے زیادہ عرصے سے قانونی طور پر مقیم ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق، اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے 4000 سے زیادہ گھروں میں رہنے والے 20,000 سے زیادہ لوگوں کو بے دخل کرنے کا حکم دیا ہے اس حقیقت کے باوجود کہ مکینوں کے ٹائٹل سے متعلق کارروائی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے سامنے زیر التوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی رہائشیوں کے نام میونسپل کارپوریشن کے ہاؤس ٹیکس رجسٹر میں درج ہیں اور وہ سالوں سے باقاعدگی سے ہاؤس ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ اس علاقے میں 5 سرکاری اسکول، ایک اسپتال اور دو اوور ہیڈ واٹر ٹینک ہیں۔ مزید کہا گیا کہ عرضی گزاروں اور ان کے آباؤ اجداد کا طویل عرصے تک جسمانی قبضہ، کچھ ہندوستان کی آزادی کی تاریخ سے بھی پہلے، ریاست اور اس کی ایجنسیوں نے تسلیم کیا ہے۔ انہیں گیس اور پانی کے کنکشن اور یہاں تک کہ آدھار کارڈ نمبر بھی دیا گیا ہے۔