لکھنؤ/سری نگر :3مئ(عظمت اللہ خان/ایچ ڈی نیوز) فریضہ حج ادا کرنے کے لیے لکھنؤ اور سری نگر کےمسلمانوں کے لیے پہلی حج پرواز 9مئی2024 کو لکھنؤاورسری نگر ہوائی اڈے سے شروع ہو نے جا رہی ہیں پروازوں کاسلسلہ 24 مئی 2024 تک جاری رہے گا۔جب کہ سری نگر کی آخری فلایٹ 25مئ کو روانہ ہوگی۔ لکھنو کے عازمین حج کی مولانا علی میاں ندوی میموریل حج ہاؤس لکھنو میں آمد کا سلسلہ 07 مئی 2024 سے شروع ہوگا۔
انتظامیہ اور حج کمیٹی کی میٹنگ میں محکمہ پولیس، میونسپل کارپوریشن، بجلی، میڈیکل، ایئرپورٹ اتھارٹی، سعودی ایئر لائنز، کسٹم، امیگریشن، سی آئی ایس ایف کے اہلکار، فائر سروس، واٹر کارپوریشن، وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن، اردو اکیڈمی، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران تمام معاملات کا جائزہ لے چکے ہیں۔ اتر پردیش کے حج سیکرٹری ایس پی تواری نے بتایا کہ عازمین حج کے ایک گروپ کے ساتھ ایک شخص کو اجازت ہوگی کہ وہ حج ہاؤس میں عازمین کے ساتھ قیام کر سکے اور ان کو روانہ کر سکے انہوں نے بتایا کہ ایک گروپ میں 1 سے 5 تک عازمین کی تعداد ہوسکتی ہے ایک گروپ میں چاہے ایک عازم ہوں یا زیادہ ایک ہی شخص کو حج ہاوس کے اندر داخلے کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب بھارتی کشمیر سے بھی عازمین حج کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ بھیجنے کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔بھارت سرکار نےحجاج کرام کو مکہ اور مدینہ بھیجنے کا منصوبہ تقریباً تیار کرلیا ہے۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر، وجے کمار بدھوری نے بتایا کہ عازمین حج کی روانگی کے انتظامات کے لیے ایک میٹنگ بلائی گئی ہے۔ جو جلد ہی مسافروں کو سعودی عرب فریضہ حج کے لیےبھیجنے کا بندو بست کرے گی۔عازمین کے لیے 9 مئی سے پروازیں اڈان بھریں گی۔ حکام نے بتایا ہے کہ کشمیر کے عازمین حج کے لیے 9 پروازوں کا انتظام کیا گیا ہے، آخری پرواز 25 مئی 2024 کو روانہ ہوگی۔ اس میٹنگ میں ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پی ٹریفک، ایس ایس پی سری نگر، ایس ایس پی سیکورٹی سمیت کئی سینئر افسران شرکت کریں گے۔