نئی دہلی،10مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جاوید عالم خان نے اپنے پریس بیانیہ میں بتایا کہ حج2023 پر جانے کے خواہشمندلوگوں کے لیے یہ اچھی خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج2023کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا کے سرکلرنمبر4مورخہ10مارچ2023 کے مطابق آن لائن حج فارم بھرنے کی آخری تاریخ جو کہ 10مارچ2023 تھیں۔ اس میں توسیع کرکے 20مارچ2023شام 5بجے تک کردی گئی ہے۔
جاوید عالم خان نے مزید بتایا کہ جو لوگ حج2023 پر جانے کے خواہشمند ہیں اور کسی وجہ سے آن لائن درخواست نہیں دے سکے تھے وہ اب 20مارچ2023 شام5بجے تک درخواست دے سکتے ہیں۔درخواست گذار کے پاس20مارچ 2023 یا اس سے پہلے کا جاری کیا ہوا مشین ریڈیبل پاسپورٹ ہونا چاہیے جس کی میعاد کم سے کم 03فروری2024یا اس کے بعد کی تاریخ تک ہونا لازمی ہے۔ساتھ ہی پاسپورٹ سائز فوٹو، آدھار کارڈ، کورونا ویکسین سرٹیفکٹ اورگروپ لیڈر کا بینک اکاونٹ کا کینسل چیک ہونا بھی لازمی ہے۔ ایک گروپ میں زیادہ سے زیادہ4 لوگ درخواست دے سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ45سال سے زیادہ عمر کی خواتین اکیلی بھی درخواست دینے کی اہل ہونگی۔جاوید عالم خان نے مزید بتایا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی،حج منزل، آصف علی روڈ، نئی دہلی میں گذشتہ برسوں کی طرح امسال بھی آن لائن فارم بھرنے اور جمع کرنے کی سہولیات دفتری اوقات میں بدستور جاری رہینگی۔مزید جانکاری کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر کے فون نمبر011-23230507پرپیر سے جمعہ کے درمیان صبح10بجے سے شام05بجے تک رابطہ کر سکتے ہیں۔