احمد آباد،02اگست(ایچ ڈی نیوز)۔
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کی ریاستی کمیٹی اجلاس احمد آباد میں30جولائی کو منعقد ہوئی۔جس میں ایس ڈی پی آئی کے ریاستی انچارج کی حیثیت سے پارٹی کے قومی سکریٹری ریاض فرنگی پیٹ نے چارج سنبھالا۔اس موقع پر موجود پارٹی ریاستی عہدیداران نے انہیں خوش آمدید کہا اورپارٹی کے سابق ریاستی انچارج و نیشنل ایگزیکٹو ممبراشفاق حسین کو الوداع کیااور ان کے میعاد میں ریاست گجرات میں کئے گئے کاموں کی ستائش کی۔اس کے بعد پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ایم اشرف اور قومی ایگزیکٹو ممبر ظہیر عباس نے گجرات لوک سبھا انتخابات سے متعلق پارٹی لیڈروں سے تفصیلی بات چیت کی اور ضروری ہدایات دیں اور لوک سبھا انتخابات سے پہلے بوتھ کمیٹیوں کی تشکیل اور توسیع پر زور دیا۔ اجلاس میں شریک پارٹی کے مختلف اسمبلی حلقوں کے عہدیداران اور کارکنا ن کو انتخابات کی تیاریوں کیلئے ضروری ہدایات دی گئیں۔ میٹنگ میں تمام عہدیداروں نے پارٹی کے کام کو ریاست میں عوام تک لے جانے، ریاست کے سلگتے مسائل پر آواز اٹھانے، ریاست کے دیگر اضلاع تک پارٹی کی توسیع کرنے کی بات کہی۔ پارٹی میں خواتین کی قیادت اور انہیں ذمہ داریاں دینے سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں درج ذیل قرار داد منظور کی گئیں۔ 1)۔ گجرات حکومت کی طرف سے ودھان سبھا میں پاس کیا گیا ایک قانون جس کے تحت ریاست میں کوئی بھی شخص حکومت کے خلاف کسی بھی دھرنا مظاہرے کیلئے انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگا۔ یہ مکمل طور پر غیر جمہوری اور آئینی حقو ق کی خلاف ورزی ہے۔ ایس ڈی پی آئی حکومت سے اسے واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔ 2)۔ حال ہی میں گجرات کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والے سمندری طوفان کی وجہ سے ماہی گیروں کو کافی مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا اور ان کے روزگار کے مسائل بھی سامنے آئے تھے۔ اس لیے ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ متاثرہ افراد کا سروے کرائے اور انہیں جلد از جلد مناسب معاوضہ فراہم کرے تاکہ وہ اپنی زندگی میں آنے والی پریشانیوں سے نجات حاصل کرسکیں۔
3)۔ گجرات حکومت نے تقریبا 20سال قبل ریاست میں ‘ڈسٹربڈ ایریاز ایکٹ’لاگو کیا تھا۔ جس میں کوئی بھی مقامی شخص اپنی جائیدار باہر سے ریاست میں رہائش کے لیے آنے والے لوگوں کو فروخت نہیں کرسکتا۔ حالانکہ اس کو نافذ کرنے کے پیچھے حکومت کی نیت یہی رہی ہوگی کہ گجرات میں آباد ہونے کے بعد باہر کے لوگ فسادات جیسے کسی قسم کا جرم نہ کرسکیں۔لیکن اتنا عرصہ گزرنے کے بعد گجرات میں کسی قسم کا فرقہ وارنہ فساد نہیں ہوا ، لیکن اس قانون کے تحت کوئی بھی جائیداد فروخت یا خرید نہیں سکتا۔ اس لیے حکومت اب اس قانون کوختم کرے تاکہ عام لوگوں کو اس پریشانی سے نجات مل سکے۔ 4)۔ پارٹی آئندہ لوک سبھا انتخابات میں گجرات میں اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ ریاستی کمیٹی اجلاس کی صدارت ریاستی صدر اویش شیخ نے کی۔ اس موقع پر پارٹی کے ریاستی نائب صدر حافظ مسیح اللہ،ریاستی جنر ل سکریٹری بلال قاضی، ریاستی سکریٹریان روشن علی سندھانی،مولانا اعجاز،ریاستی خازن عبدالخالد قریشی، ریاستی ممبران ارشاد شیخ، عبدالقادر، محترمہ کم کم بین راتھوڑ، محترمہ عائشہ سید، محترمہ سارہ عبدالقادر اور ایوب مجواڈیہ وغیرہ موجود تھے۔
