احمد آباد (ایچ ڈی نیوز)۔
راجکوٹ ایسٹ سے کانگریس امیدوار نے گجرات اسمبلی انتخابات میں ایک انتخابی میٹنگ میں چونکا دینے والا بیان دیا ہے۔ راجکوٹ شہر کے جنگلیشور علاقے میں انتخابی میٹنگ میں امیدوار اندرانیل راج گرو نے اللہ اور مہادیو کو ایک قرار دیا۔ اتنا ہی نہیں کانگریس امیدوار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سومناتھ میں اللہ بیٹھا ہے اور مہادیو اجمیر میں بیٹھے ہیں۔ اس میٹنگ میں انہوں نے اللہ اکبر کا نعرہ بھی لگایا۔
اجلاس میں اندرانیل راج گرو نے کہا کہ اگر آپ کسی انسان کا خون نکالیں تو سب ایک ہیں ، اس میں کوئی اللہ اور مہادیو نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سومناتھ جاتے ہوئے بھی خوشی محسوس کرتے ہیں اور اجمیر جاتے ہوئے بھی خوشی محسوس کرتے ہیں۔ مہادیو بھی اجمیر میں بیٹھا ہے اور اللہ بھی سومناتھ میں بیٹھا ہے۔ اندرنیل کے اس بیان پر بی جے پی اور سنتوں نے اعتراضات درج کرائے ہیں۔
راجکوٹ ایسٹ سے بی جے پی امیدوار ادے کنگاڈ نے کہا کہ اس بیان سے ہندووں کو تکلیف پہنچ رہی ہے۔ چیتنیا شمبھو مہاراج نے اندرانیل راج گرو کے بیان پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان ہندو سماج کے ساتھ ساتھ مسلم سماج کی بھی توہین ہے۔