یو ایس انڈیا اسٹریٹجک پارٹنرشپ فورم کے چیئرمین جان چیمبر نے ایوارڈ پیش کیا
نئی دہلی، 30 اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
ریلائنس فاؤنڈیشن کی بانی اور چیئرپرسن نیتا امبانی کو گلوبل لیڈرشپ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ نیتا امبانی کو دہلی میں یو ایس انڈیا اسٹریٹجک پارٹنرشپ فورم (یو ایس آئی ایس پی ایف) کے زیر اہتمام ایک تقریب میں فورم کے چیئرمین جان چیمبرز نے ایوارڈ پیش کیا۔ اس تقریب میں حکومت ہند کے اعلیٰ عہدیداروں اور کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی۔
نیتا امبانی نے کہا، “میں ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے انتہائی اعزاز محسوس کرتی ہوں۔ میں ریلائنس فاؤنڈیشن کی نمائندگی کرتیہوں، جس کے ذریعے ہم نے 7 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی زندگیوں کو چھو لیا ہے۔ “کارپوریٹ سماجی ذمہ داری” کے معمول بننے سے بہت پہلے، ریلائنس ‘ کارپوریٹ اخلاقی ذمہ داری’ پر عمل پیرا ہے۔”
یو ایس انڈیا اسٹریٹجک پارٹنرشپ فورم نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیتا امبانی ایک کاروباری رہنما ہیں جو سماجی کاموں میں سرگرم عمل ہیں، جن کی قیادت میں ریلائنس فاؤنڈیشن نے تعلیم، فنون، کھیل اور صحت کی دیکھ بھال کے ذریعے لاکھوں ہندوستانیوں کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔ ان کا کام خاص طور پر خواتین کو بااختیار بنانے اور بچوں کے مفادات کے لیے ہے۔ صنفی تقسیم کو ختم کرنے اور ہندوستان کی بڑھتی ہوئی معیشت میں خواتین کی شراکت کو بڑھانے میں ان کا اہم کردار ہے۔
نیتا ایم امبانی کی فن اور ثقافت میں نمایاں شراکت کو حال ہی میں اس وقت تسلیم کیا گیا جب وہ میٹرو پولیٹن میوزیم آف آرٹ، نیویارک کے بورڈ کے لیے اعزازی ٹرسٹی منتخب ہوئیں۔ پچھلے سال ممبئی میں نیتا مکیش امبانی کلچرل سنٹر (این ایم اے سی سی ) کھولا گیا، جس کی کافی تعریف ہوئی۔ ریلائنس فاؤنڈیشن نے بھی غریبوں کے لیے بہترین کام کیا ہے۔ فاؤنڈیشن نے ہندوستان میں نوجوان کھلاڑیوں کو نچلی سطح کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر چمکنے میں مدد کی ہے۔
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) میں ہندوستان کے نمائندے کے طور پر، نیتا ایم امبانی نے ہندوستانی وفد کی کامیابی سے قیادت کی، جس نے چار دہائیوں کے بعد ہندوستان میں 141ویں آئی او سی اجلاس کی میزبانی کا حق حاصل کیا۔ یہ تقریب اکتوبر 2023 میں ممبئی میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس سے 2036 میں اولمپک کھیلوں کی میزبانی کا حق حاصل کرنے کی ہندوستانی امیدوں کو تقویت ملی ہے۔
نیتا امبانی کو ایوارڈ دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے، یو ایس آئی ایس پی ایف کے چیئرمین جان چیمبرز نے کہا: “زندگی میں کامیاب ہونے والے لوگوں کے لیے دوسروں کی کامیابی میں مدد کرنا بہت ضروری ہے۔ ایسی ہی ایک شخصیت ہیں نیتا ایم امبانی، جو انسان دوستی کی ایک مثال ہیں اور انہوں نے ریلائنس فاؤنڈیشن میں فنون، کھیل، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں مثالی کام کیا ہے۔