16.1 C
Delhi
December 11, 2024
Hamari Duniya
دہلی

غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ’خالد محمود: شخصیت اور ادبی خدمات‘ پر مذاکرے کا انعقاد

Khalid Mehmood

نئی دہلی،02اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام  سیفی سرونجی اوراستوتی اگروال کی مرتبہ کتاب ’خالد محمود: شخصیت اور ادبی خدمات‘ پر مذاکرے کا ایوان غالب میں انعقاد کیا گیا۔ اس مذاکرے کی صدارت سابق چیف الکشن کمشنر ایس وائی قریشی نے فرمائی۔ اپنے صدارت خطاب میں انھوں نے کہا کہ خالد محمود  سے میں پہلے بھی واقف تھا لیکن اس کتاب کے ذریعے ان کی شخصیت کے تمام پہلو مجھ پر روشن ہو گئے ہیں۔ اس مذاکرے میں جو گفتگو میں نے سنی اس کی بڑی خوبی یہ تھی کہ اس میں مبالغے کو دخل نہیں تھا اور سب نے خود کو موضوع تک محدود رکھا، کسی مذاکرے کی کامیابی کی اس سے بڑی کیا دلیل ہو سکتی ہے۔ جلسے کے مہمان خصوصی اور دہلی کے سابق لفٹننٹ گورنرنجیب جنگ  نے کتاب پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خالد محمود صاحب سے میری پہلی ملاقات بہت یادگار تھی اور وہ آج تک میرے حافظے میں محفوظ ہے۔ انھوں نے جس ادارے کی ذمہ داری قبول اس کی قسمت بدل کر رکھ دی۔ وہ اچھے استاد اور لاجواب منتظم ہیں۔ اس کتاب میں ان کی شخصیت کے سبھی پہلووں کو پیش کیا گیا ہے۔ اس بہترین ترتیب کے لیے اس کے مرتبین لائق مبارکباد ہیں۔ اجلاس کے مہمان اعزازی جناب چندر بھان خیال نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ خالد محمود اگرچہ میرے استاد نہیں ہیں لیکن میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ان کی شخصیت میں کمال کا انہماک ہے جس چیز میں لگ جاتے ہیں اس میں ایک منفرد شان پیدا کر دیتے ہیں۔
شاعری، خاکہ نگار ی ہو یا انتظامی امور وہ ہر میدان کے شہسوار ہیں۔ اس کتاب کے مرتب جناب سیفی سرونجی صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خالد محمود صاحب میرے استاد بھی رہے ہیں اور ایک ادیب کی حیثیت سے ان کا اسلوب تربیت کا وسیلہ ہے۔ ان سے ہر ملاقات میں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ ایسی شخصیت کے علمی کارناموں کا اعتراف تحریری شکل میں لازم ہے اسی خیال نے مجھے کتاب کی ترتیب پر راغب کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ آپ سب نے اسے پسند کیا اور اپنے گراں قدر خیالات پیش کیے۔ محترمہ استوتی اگروال نے اس کتاب کی ترتیب میں بہت محنت کی ہے وہ زیادہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر معین الدین جینا بڑے، پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر سراج اجملی، پروفیسر ابوبکر عباد، پروفیسر تسنیم فاطمہ، جناب راشد جمال فاروقی، محترمہ فوزیہ رباب، ڈاکٹر نعمان قیصر، اور ڈاکٹر فیضان شاہد نے کتاب کے اہم گوشوں اور خالد محمود صاحب کی شخصیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر خالد مبشر نے انجام دیے اور ادارے کی جانب سے استقبالیہ کلمات ڈاکٹر محضر رضا نے پیش کیے۔ محترمہ استوتی اگروال نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

Related posts

Khaleda Begum Farewell Ceremony : پرنسپل خالدہ بیگم کی سبکدوش پر الوداعیہ تقریب کا انعقاد

Hamari Duniya

بی جے پی کی نیند اڑچکی ہے،کھڑگے کی قیادت میں بلندیوں کو چھو لے گی کانگریس:مولانا سید طارق انور

Hamari Duniya

سابق مرکزی وزیر کے رحمن خان لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے سرفراز

Hamari Duniya