غزہ،28اکتوبر:رات بھر غزہ پر اسرائیلی زمینی حملے اور بم باری پر حماس کا بیان سامنے آ گیا۔حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کا 3 طرفہ زمینی حملہ ناکام ہو گیا اور دشمن کو فوجیوں اور سامان کے لحاظ سے بھاری نقصان ہوا ہے۔حماس کا کہنا ہے کہ دشمن کئی محاذوں پر فلسطینی مزاحمت کے تیار کردہ جال میں پھنس گیا، اسرائیلی حملے پسپا کرنے کے لیے روسی ساختہ ٹینک شکن میزائل استعمال کیے۔
حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے پسپا کرنے کے لیے مقامی طور پر تیار یاسین میزائل بھی استعمال کیے، اسرائیلی فوج نے ہیلی کاپٹروں سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی غزہ اسرائیل جنگ میں اب تک حماس کے حملوں میں 1405 اسرائیلی ہلاک اور 5431 زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک اسرائیلوں میں 308 فوجی اور 58 پولیس افسران شامل ہیں جبکہ حماس نے229 اسرائیلیوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔