نئی دہلی۔ اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ اڈانی اس سنگ میل تک پہنچنے والے ایشیا کے پہلے شخص ہیں۔ فوربس ریئل ٹائم بلینیئرز انڈیکس کے مطابق، اڈانی 153.2ارب ڈالر کی نیٹ ورتھ کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اڈانی نے فرانسیسی تاجر برنارڈ آرنالٹ کو پیچھے چھوڑ کر یہ مقام حاصل کیا ہے۔
فوربس ریئل ٹائم بلینیئرز انڈیکس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایلون مسک 273.5 ارب ڈالر کینیٹ ورتھ کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ اس فہرست میں فرانس کے بزنس مین برنارڈ آرنالٹ 153.1 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے اور ایمیزون کے بانی جیف بیزوس 149.7 ارب ڈالر کی نیٹ ورتھ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
فہرست کے مطابق، اڈانی کی مجموعی مالیت میں جمعرات کو 5ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جبکہ آرنالٹ کی مجموعی مالیت میں 3.1ارب ڈالر اور جیف کی مجموعی مالیت میں 2.3ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ فوربس ریئل ٹائم بلینیئرز انڈیکس کے مطابق گوتم اڈانی اور ایلون مسک ہی ایسے شخص ہیں جن کی دولت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اضافہ ہوا ہے۔
دراصل جنوری 2022 سے گوتم اڈانی کی نیٹ ورتھ میں 60.9 ارب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ ملک کے دیگر امیروں کے مقابلے 5 گنا زیادہ ہے۔ اڈانی نے اس سال کے شروع میں ریلائنس گروپ کے سربراہ مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ اس کے ساتھ وہ ہندوستان اور ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے تھے۔