نئی دہلی، 6 مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے زیراہتمام شفا یونانی دواخانہ، بٹلہ ہاﺅس چوک، جامعہ نگر، نئی دہلی میں 67 واں مفت یونانی میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ اس مفت یونانی میڈیکل کیمپ میں شوگر، بلڈپریشر، جوڑوں کا درد، اسکن الرجی اور دیگر امراض سے متاثر لوگوں کی جانچ کی گئی اور انہیں مفت میں دوائیں بھی دی گئیں۔ کیمپ صبح دس بجے شروع ہوا اور دوپہر ڈیڑھ بجے اختتام پذیر ہوا۔
مفت یونانی میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر سیّد احمد خاں کے علاوہ ڈاکٹر حبیب اللہ (سی ایم او، تہاڑ جیل)، ڈاکٹر عمران شیخ، ڈاکٹر محمد ارشد غیاث، ڈاکٹر صغیر احمد صدیقی، ڈاکٹر عمران صدیقی، ڈاکٹر عائشہ خان، ڈاکٹر بدرالاسلام کیرانوی، حکیم عطاءالرحمن اجملی، حکیم نعیم رضا، حکیم ا?فتاب عالم اور اسرار احمد ا±جینی وغیرہ نے اپنی خدمات پیش کیں۔ کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ یونانی طریقہ علاج کا فروغ عوام کے حق میں ہے کیونکہ بڑے پیمانے پر عوام یونانی طریقہ علاج اپنائے ہوئے ہیں۔ یہ پاکیزہ طریقہ علاج ہے اور عوام کے مزاج کے مطابق اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کیمپ میں تقریباً بارہ سو مریضوں نے اپنا رجسٹریشن کرایا اور تمام مریضوں کی مفت میں چیک اپ کیا گیا اور انہیں مفت دوائیں بھی دی گئیں۔ تمام رضا کاروں اور ڈاکٹروں کا شکریہ شفایونانی دواخانہ کے منتظم جناب سعیدالظفر نے ادا کیا۔