غزہ،14جنوری:اسرائیل نے غزہ کی شمالی پٹی میں 5 اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ کی شمالی پٹی میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ آج صبح غزہ کی شمالی پٹی میں ایک واقعے کے دوران 5 فوجی ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوگئے۔ہلاک ہونے والے فوجیوں میں ایک کیپٹن اور 4 سارجنٹ شامل ہیں، مارے جانیوالے تمام فوجی نحال بریگیڈ کے ریکی یونٹ سے تعلق رکھتے تھے۔اسرائیلی فوج نے حملے کی تفصیلات جاری نہیں کی۔
دوسری جانب اسرائیل کے مختلف علاقوں میں جنگی سائرن بجنا شروع ہوگئے، جنگی سائرن یمن سے داغے گئے میزائل کے اسرائیلی حدود کے قریب پہنچنے پر بجائے گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے دفاعی نظام کے ذریعے میزائل کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، میزائل حملے کے بعد اسرائیل کے بن گورین ایئرپورٹ پر آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے سیکیورٹی اداروں کا اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں غزہ جنگ بندی ڈیل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ جنگ بندی ڈیل کا اعلان آج رات یا منگل کی صبح کیا جانے کا امکان ہے۔
