نئی دہلی،09اپریل(ایچ ڈی نیوز)۔
شاہ رخ خان کی فلم پٹھان میں دیپیکا پادکون کے کپڑوں پر ہوئے تنازعہ کے بعد اب سلمان خان کی آنے والی فلم’ کسی کا بھائی کسی کا جان‘ میں پہنے گئے کپڑا پر بھی تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔بھارت کے سابق کرکٹر نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو ان کی نئی فلم کے ایک گانے میں پہنے ہوئے کپڑوں پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔رپورٹ کے مطابق سابق کرکٹر لکشمن شوارماکرشنن نے سلمان خان کی نئی آنے والی فلم کے ایک گانے میں ان کے کپڑوں پر تنقید کی ہے۔
سوشل میڈیا پر انہوں نے لکھا ہے کہ یہ انتہائی مضحکہ خیز اور ہماری جنوبی ہندوستانی ثقافت کی تذلیل کر رہا ہے، یہ لنگی نہیں دھوتی ہے جو ایک کلاسیکل لباس ہے جسے نفرت انگیز انداز میں دکھایا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق سابق کرکٹر کی تنقید کے بعد فلم انتظامیہ یا سلمان خان کی طرف سے فی الحال کوئی جواب سامنے نہیں آیا ہے۔ سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کا یہ گانا آج دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی شوٹنگ گزشتہ سال مئی میں شروع ہوئی تھی جو اس سال فروری میں مکمل ہوئی اور اب یہ فلم 21 اپریل کو ریلیز ہو رہی ہے۔