فلم لال سنگھ چڈھا، رکشا بندھن، پٹھان کے بعد ٹوئٹر پر تاپسی پنو کی آنے والی فلم دوبارہ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ بائیکاٹ’ دوبارہ‘ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ حال ہی میں فلم ’دوبارہ‘کی تشہیر کے دوران جب تاپسی پنو اور انوراگ کشیپ سے ’لال سنگھ چڈھا‘ اور’رکشا بندھن‘ کے خلاف جاری نفرت انگیز مہم کے بارے میں پوچھا گیا تو ہدایت کار انوراگ کشیپ نے کہا، ’میں ہیش ٹیگ ’بائیکاٹ کشیپ‘ چاہتا ہوں۔ ٹویٹر پر ٹرینڈ کرنے کے لیے۔ دوسری جانب تاپسی پنو نے جواب میں کہا کہ ’براہ کرم سب ہماری فلم دوبارہ کا بائیکاٹ کریں، اگر عامر خان اور اکشے کمار جیسے اداکاروں کا بائیکاٹ ہو رہا ہے تو میں بھی اس لیگ میں شامل ہونا چاہتی ہوں‘۔ اس کے بعد دونوں نے شائقین سے مخلصانہ درخواست کی کہ وہ ان کی فلموں کے بائیکاٹ کا رجحان شروع کریں۔ تاپسی اور انوراگ نے کہا، “فلم دیکھیں یا نہ دیکھیں، لیکن بائیکاٹ کریں”۔
جب سے تاپسی پنو کا یہ بیان سامنے آیا ہے، صارفین انہیں ٹرول کر رہے ہیں اور ان کی آنے والی فلم دوبارہ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اہم بات یہ ہے کہ تاپسی پنو کی آنے والی فلم دوبارہ رواں ماہ 19 اگست کو سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم کو انوراگ کشیپ اور ایکتا کپور نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ یہ فلم 2018 کی ہسپانوی فلم ‘میراج’ کا ہندی ریمیک ہے۔