14.1 C
Delhi
January 18, 2025
Hamari Duniya
Breaking News قومی خبریں

بی جے پی ایم پی نے گالیاں دانش علی کو نہیں بلکہ ملک کے سیکولر ڈھانچے اور دستور کو دی ہے :فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس

FMM

ممبئی، 24؍ستمبر۔ فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس (ایف ایم ایم)نے ایک بیان جاری کرکے بی جے پی کے ایم پی رمیش ودوڑھی کی پارلیمنٹ میں کنور دانش علی کیخلاف دشنام طرازی کی مذمت کی ہے۔ فیڈریشن کے کوآرڈینیٹرس عبد المجیب شیخ وشاکر شیخ نے مشترکہ پریس ریلیز میں کہا بی جے پی ایم پی کے ذریعہ پارلیمنٹ میں یہ مغلضات دانش علی اس لئے کہی گئیں کہ وہ ایک خاص کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ عوام دیکھ رہے ہیں کہ موجودہ حکومت میں پارلیمنٹ کا وقار بار بار مجروح کیا جارہا ہے اور حال یہ ہوگیا ہے کہ اب مجلس قانون سازبھی مسلمانوں کیلئے محفوظ نہیں ہے ۔ ودوڑھی نے یہ گالیاں ملک کے سیکولر ڈھانچے اور دستورکو بھی دی ہے۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسپیکر اوم برلا کو فوری طور سے ودوڑھی کی پارلیمانی رکنیت رد کردینی چاہئے اور اس پر مجرمانہ معاملہ درج کرکے داخل زنداں کردیا جانا چاہئے ۔ اتنے شرمناک بیان پر تومعاملہ عام ہونے سے قبل ہی کارروائی ہوجانی چاہئے تھی لیکن اب نئے بھارت میں شاید یہی سب کچھ ہوگا ۔فیڈریشن نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ بی جے پی کے ایم پی کے ذریعہ دی گئی گالیاں جسے پوری دنیا نے واضح طور سے سنا لیکن اسپیکر اوم برلا نے محض بچوں کی طرح تنبیہ کرکے چھوڑ دیا کہ آئندہ سے ایسی حرکت ہوئی تو سخت کارروائی ہوگی۔ یہ امرافسوسناک ہے کہ موجودہ حکومت نے پارلیمنٹ جیسے قانون ساز ادارہ کی یہ حالت بنادی ہے کہ اب وہاں گلی محلوں میں اوباش جس طرح گالیاں دیتے ہیں وہ برے الفاظ یہاں سنے جارہے ہیں اور بی جے پی اخلاقی طورسے اتنی پستی میں جاگری ہے کہ ودوڑھی کی گالیوں کو سن کر اس کے دو اراکین پارلیمنٹ کھلکھلا کرہنس رہے تھے ۔ فیڈریشن نے سوال کیا کہ مہذب پارٹی کا لبادہ اوڑھنے والی والی پارٹی کا یہ اخلاقی اقدارہے۔

فیڈریشن نے اسے بھی افسوسناک قرار دیا کہ کنوردانش علی جس بہوجن سماج پارٹی سے ایم پی ہیں اس کی سپریمو مایاوتی نے بھی کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ، انہوں نے محض ایک ٹوئٹ کرکے اپنی ذمہ داری ادا کردی ۔فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کے ذمہ دار مولانا ڈاکٹر محمد محمود دریا آبادی نے کہا کہ جو لوگ جن میں صحافی اور سیاستداں اس مایوسی کا اظہار کررہے ہیں کہ اسقدر بیہودہ گالیوں کے باوجود ودوڑھی کیخلاف کارروائی نہیں ہوگی ، اس کے برعکس بی جے پی میں اس کا قد اور بلند ہوجائے گا ۔ یہ مایوسی کی باتیں ہیںاور یہ ملک اور اس کے وقار کیلئے ٹھیک نہیں ہے ۔اس طرح کی حرکت سے ملک کی امیج بین الاقوامی خراب ہوتی ہے۔ ابھی دو روز قبل کی ہی تو بات ہے کہ وزیر اعظم مودی نے نئے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔کیا نئی پارلیمنٹ میںاسی طرح کسی کو خاص کمیونٹی سے تعلق کی وجہ سے گالیاں دی جائیں گی؟ ان سب معاملات پر وزیر اعظم کی خاموشی تعجب خیز ہے، ان کی خاموشی سے غلط پیغام جارہا ہے۔

وزیر اعظم کو اپنی خاموشی توڑنی چاہئےکہ یہ معاملہ پارلیمنٹ ، ملک اور یہاں کے عوام کے وقار سے جڑا ہوا ہے ۔ فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے سبھی سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ اس کیخلاف پوری شدت سے سامنے آئیں اور موجودہ حکومت کو مجبور کریں کہ وہ تہذیب و شائستگی کو اپنائے ۔

Related posts

ترکی زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے خود میدان میں اترگئے مولانا محمود مدنی

Hamari Duniya

بھارت جوڑو یاترا کے دوران کانگریس رکن پارلیمنٹ چودھری سنتوکھ سنگھ کا انتقال

Hamari Duniya

گجرات ماڈل کی پھر پول کھل گئی، مالی بحران کا شکار ایک ہی خاندان کے 7 افراد نے خودکشی کرلی

Hamari Duniya