نئی دہلی،8 مارچ (ایچ ڈی نیوز)۔
خواتین قلمکاروں کی انجمن بین الاقوامی نسائی ادبی تنظیم ‘بنات’ نے اس سال ’پرائڈ آف پرفارمنس‘ ایوارڈ ’فوزیہ داستان گو‘ کو دینے کا اعلان کیاہے۔ فوزیہ داستان گو۔۔۔۔ 2006 سے داستان گوئ کی روایت کی بازیابی کے لئے کوشاں ہیں وہ منفرد لب و لہجے کی سولو پر فارمر ہیں۔
اہل بنات نے یوم نسواں کے موقع پر فوزیہ داستان گو کو اس ایوارڈ کے لئے بہترین انتخاب گردانا اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ بنات کی صدر معروف ادیب و شاعرہ ڈاکٹر نگار عظیم نے بتایا کہ بنات ہر سال کی طرح اس سال بھی عالمی یوم نسواں کے حوالے سے12مارچ بروز اتوار صبح گیارہ بجے سے ‘ادب براۓ زندگی’کے عنوان سے غالب اکیڈمی،بستی حضرت نظام الدین کے مین ہال میں یک روزہ جلسہ منعقد کرنے جارہی ہے۔ جسمیں بنات کی اولین اشاعت *یادوں کے جھروکے’* پر مزاکرہ ہوگا۔ اس جلسے میں اپنی نثری و شعری تخلیقات پیش کرنے دلی، ممبیٔ، اتراکھنڈ، بھوپال، کشمیر، اترپردیش اور بہار سے بناتی بہنیں دلی پہنچ رہی ہیں ۔ اس پروگرام میں تمام بناتی بہنوں اور خصوصی طور پر مدعوین مہمانان کرام اور محبان اردو کی موجودگی میں فوزیہ داستان گو کو پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دیا جائے گا۔ ان شاءاللہ۔ دوسری طرف
بنات کی حیدرآباد شاخ سرپرست اعلیٰ معروف ادیبہ محترمہ قمر جمالی کے زیر صدارت 12 مارچ کو حیدرآباد میں ایک باوقار جلسے کا انعقاد کرنے جارہی ہے۔ ڈاکٹر آمنہ تحسین (ہیڈ ،وومن اسٹڈیز۔مانو) اور معروف جہد کار رفیعہ نوشین اس جلسے کی روح رواں ہیں۔
بنات یعنی بین الاقوامی نسائی ادبی تنظیم ایک منفرد نوعیت کی سماجی و ادبی تنظیم ہے یہ بنات فاونڈیشن کے نام سے دلی میں رجسٹرڈ ہے۔اس تنظیم سے اردو دنیا کی کم و بیش ایک سو پچپن خواتین قلمکار جڑی ہوئی ہیں۔ بزم بنات کے نام سے ایک واٹسپ گروپ ہے جس پہ ادبی کاوشوں پر تعمیری بحث کی جاتی ہے۔ فیس بک پر بنات لائیو کے نام سے بنات اپنی سوشل میڈیا سرگرمیاں ہمہ وقت جاری رکھتی ہے ۔