کے ایم خان میموریل لیکچر میں ہریش راوت، وی ہنومنت راؤ، بھاسکرآنند، اے ایم خان، عقیل سلمانی اور حاجی قمرالدین کا خطاب
نئی دہلی، 12اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں کے ایم خان( سابق رکن پارلیمنٹ ) میموریل لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور سابق مرکزی وزیر طارق انور نے کہاکہ جو بھی لوگ کانگریس پارٹی پر سوال کھڑا کرتے ہیں وہ بھارت اور کانگریس دونوں کی تاریخ سے ناواقف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے ملک کیلئے بھی قربانی دی اور آزادی کے بعد بھی کانگریس کے لوگوں نے ملک کو ایک رکھنے کیلئے قربانی دی اور راہل گاندھی نے جو جدوجہد کی ہے ،اس کی بنیاد پر لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے گاندھی تو نہیں لیکن راہل گاندھی کو ضرور دیکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے اور اس پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور کانگریس دونوں کی تاریخ کو لوگوں کو پڑھنا چاہئے۔ طارق انور نے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ آج کے ایم خان کو یاد کیا جارہا ہے، جنہوںنے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے بڑا کام کیا ہے۔ اس موقع پر اتراکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ ہریش راوت نے بیڑی و دیگر ملازمین کیلئے کے ایم خان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کے ایسے سپاہی تھے جن کی گرفت زمین پر تھی۔ اور ہمیں خوشی ہے کہ ان کے فرزند اے ایم خان بھی انہیں کے راستے پر چل رہے ہیں، جن کے والد نے بھارت اور عرب کے رشتوں میں کافی مضبوطی لانے کا کام کیا۔
واضح رہے کہ پروگرام کا مشترکہ انعقاد اے ایم خان اور آل انڈیا قومی تنظیم دہلی کے ورکنگ صدر عقیل سمیع سلمانی نے کیا تھا۔ سابق رکن پارلیمنٹ آنند بھاسکر نے اپنے بیان میں کہاکہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے اجداد کی قربانیوں کو یاد کریں ۔ انہوںنے کہاکہ آج جھوٹ پروسا جارہا ہے ،جبکہ کے ایم خان کی پوری کوشش ہی جھوٹ اور فریب کیخلاف تھی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم سبھی طبقات کیلئے کام کریں اور اگر کسی کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے تو اس کا زیادہ خیال رکھیں۔
پروگرام کے صدر وی ہنومنت رائو سابق رکن پارلیمنٹ آندھراپردیش نے اپنے بیان میں کے ایم خان کے ذریعہ مزدوروں ، ایف سی آئی اور ریلوے ملازمین کیلئے ان کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم ان کے بتائے ہوئے راستہ پر چلیں۔ انہوںنے راہل گاندھی کی محبت کی دوکان کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ اس کا آج بہت شاندار اثر دیکھنے کو مل رہا ہے اورلوگ اس کی ستائش بھی کافی کرر ہے ہیں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نفرت ہارے گی اور محبت کی جیت ہوگی ۔ پروگرام سے مشترکہ طور پر اے ایم خان، ارشد شیخ، عقیل سلمانی، حاجی قمرالدین ، قومی سکریٹری آل انڈیا قومی تنظیم، شاہد صدیقی، ارسان علی گڑھ، ساجد ایڈوکیٹ بھوپال ، حاجی رئیس سلمانی ، محبوب سلمانی ، پپو پردھان سمیت متعدد لوگوں نے خطاب کیا، جبکہ کشتی کھلاڑی رضیہ بانو سمیت سیکڑوں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔