نئی دہلی، 08اپریل(ایچ ڈی نیوز ڈیسک)۔
امریکی عدالت نے پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیئلز کو حکم دیا ہے کہ وہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قانونی فیس کی مد میں ایک لاکھ 22 ہزار ڈالر جرمانہ ادا کریں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مین ہٹن میں ایک مقدمے میں کیلی فورنیا کی عدالت نے ہتک عزت کے ایک مقدمے میں پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیئلز کو حکم دیا کہ وہ ٹرمپ کے اٹارنی کو قانونی فیس بطور جرمانہ ادا کریں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے جنسی تعلقات کے معاملے پر خاموش رہنے کے لئے پورن اداکارہ کو رقم کی ادائیگی کی تھی تاہم جب اداکارہ نے ایک انٹرویو میں تعلقات کا انکشاف کردیا تو ٹرمپ کے وکیل نے کیس دائر کردیا تھا۔
دوسری جانب امریکی ’فاکس نیوز‘ چینل نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کے مقدمے کی نگرانی کرنے والے نیویارک شہر کے جج کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد ان کے ساتھ سکیورٹی ٹیم کو تعینات کردیا گیا ہے۔
مین ہٹن سپریم کورٹ کے جسٹس جوآن مرچان کے خلاف دھمکیاں تقریباً ایک ہفتہ قبل شروع ہوئی تھیں۔ منگل کو ٹرمپ کے خلاف تاریخی فرد جرم میں 34 الزامات لگائے گئے ہیں۔ٹرمپ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے سابق امریکی صدر ہیں۔ انہوں نے الزامات کو مسترد کیا ہے۔
یاد رہے جج مرچان نے ٹرمپ آرگنائزیشن کے مقدمے کی صدارت بھی کی تھی۔ اس مقدمہ میں کمپنی کو ٹیکس فراڈ کے 17 الزامات میں 1.6 ملین ڈالر جرمانے کا مجرم پایا گیا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر مرچان اور ان کے خاندان کو ٹرمپ سے نفرت کرنے والے قرار دیا تھا۔
