نئی دہلی،09جنوری (ایچ ڈی نیوز)۔
گزشتہ ایک ہفتے سے پورا شمالی ہند شدید ترین سردی کی زد میں ہے۔سورج نہ نکلنے کی وجہ سے دن بھرٹھٹھرتےاور کانپتے نظر آ رہے ہیں۔سردی اور کہرے کی چادر سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق دہلی این سی آر میں آج نو جنوری کو حد نگاہ صفر تک پہنچ گیا ہے۔قومی راجدھانی گھنے کہرے کی آغوش میں ہے ۔کہرے کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہے۔سڑکوں سے لے کر فضائی خدمات تک متاثر ہے۔ایک طرف سڑکوں پر گاڑیاں جہاں رینگ رہی ہیں تو وہیں ٹرینوں کی رفتار بھی انتہائی سست پڑ گئی ۔متعدد شہروں میں حد نگاہ صفر تک پہنچ گیا ہے ۔
حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے دہلی کے اندرا گاندھی ایئر پورٹ پر آج صبح تقریباً25 پراوازوں کی خدمات متاثر ہوئی۔اسی طرح شمالی ریلوے کی 29 سے زائد ٹرینیں اپنے وقت سے تاخیر سے چل رہی ہیں۔ساڑھے پانچ بجے دہلی کے صفدر جنگ میں 25 میٹر حد نگاہ درج کی گئی ہے۔پالم میں 50 میٹر، پنجاب کے بھٹنڈہ میں 0 میٹر، امرتسر میں 25 میٹر اور امبالا میں 25 میٹر، حصار میں 50 میٹر تھی۔ جب کہ اتر پردیش کے آگرہ میں یہ 0 میٹر، لکھنؤ میں امؤسی ائیرپورٹ میں 0 میٹر، وارانسی کے بابت پور میں 25 میٹر، بریلی میں 50 میٹر تھی۔دہلی پہلے ہی ڈلہوزی، شملہ، دہرادون اور نینی تال سے زیادہ سردی پڑ رہی ہے، لیکن سردی کے ساتھ ہی گھنے کہرے نے ٹرافک کو کافی زیادہ متاثر کیا ہے، لوگوں کو آنے جانے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ان ریاستوں میں ریڈ الرٹ
محکمہ موسمیات کے مطابق یوپی، بہار، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، راجستھان، پنجاب اور ہریانہ سمیت کئی ریاستوں میں شدید سردی کے ساتھ گھنی دھند چھائی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے دہلی، پنجاب، ہریانہ، یوپی میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی ہندوستان میں درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔ یعنی ملک کے میدانی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار رہے گی۔