نئی دہلی، 23 ستمبر(ایچ ڈی نیوز)۔
اساتذہ کی معروف تنظیم آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن (آئیٹا) کی 22 روزہ قومی تعلیمی مہم بعنوان تدریسی آگہی، طلبائی ارتقاء، سماجی تغیر : آئیٹا ایک مثالی پلیٹ فارم کا اغاز میڈیا سینٹر، آئیٹا ہیڈ کوارٹر جے آئی ایچ، نئی دہلی میں ہوا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ عبدالرحیم (قومی صدر آئیٹا) نے بتایا کہ، “آئیٹا اساتذہ کی ایک ملک گیر رجسٹرڈ تنظیم ہے جس کا قیام 1992ء میں عمل میں آیا۔ اپنے پالیسی و پروگرام کے مطابق ملک کی تقریباً 19 ریاستوں میں مختلف تعلیمی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔ مذکورہ تعلیمی مہم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ آئیٹا اساتذہ کی فکری، فنی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ارتقاء اور ان کے جائز حقوق کے لیے اپنی خدمات انجام دینے کی کوشش کررہی ہے۔ ہزاروں اساتذہ پر مشتمل آئیٹا کا کیڈر مسلسل تعلیمی میدان میں بدلتے تعلیمی تقاضوں کے تحت اپنی تعلیمی خدمات انجام دے رہاہے اور سماج میں مثبت تبدیلیوں کا خواہاں ہے۔ آئیٹا نہ صرف اساتذہ کے جائز حقوق کی بات کرتی ہے بلکہ اساتذہ کے فرائض منصبی کی بھی یاددہانی کی پابند ہے۔”
قومی تعلیمی مہم سے متعلق مختار احمد کوتوال (نائب صدر و کنوینر مہم) نے بتایا کہ، “اساتذہ اور طلبہ کی ترقی میں ہی سماج کی ترقی پنہاں ہے۔ ممبران آئیٹا قومی، ریاستی، ضلعی اور مقامی سطح پر تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے اساتذہ کے فکری، فنی و پیشہ وارانہ ارتقاء، طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافہ اور انھیں عملی مواقع فراہم کرنے کےلیے سیمینار، کانفرنسیس، مسابقے، فیسٹیولس و دیگر تعلیمی سرگرمیاں انجام دیتے رہتے ہیں۔ مذکورہ بالا عنوان کے تحت یہ قومی تعلیمی مہم بھی اسی کی ایک کڑی ہے جس کے ذریعے ہماری کوشش ہوگی کہ ہم بدلتے تعلیمی تقاضوں سے اساتذہ کو روشناس کرائیں، نئی قومی تعلیمی پالیسی اور نیشنل کریکولم فریم ورک سے انھیں واقفیت حاصل ہو، ایسے اساتذہ تیار کرسکیں جو نصاب تعلیم پر باریک بینی سے نگاہ رکھے، ساتھ ہی اساتذہ، طلبہ کے درمیان جدید تعلیمی لوازمات سے لیس ہوکر تعلیم کے جدید طریقوں کو اختیار کریں تاکہ طلبہ اپنی تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاقی اقدار کےبھی حامل ہوسکیں۔”
میر ممتاز علی(جنرل سیکریٹری آئیٹا) نے مہم کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ، “سماج میں اساتذہ کی قدر ومنزلت کی بازیابی، سماج کے بااثر طبقے میں اس شعور کو بیدار کرنا کہ تعلیم کے تئیں ان کی کیا ذمہ داریاں ہیں؟ اداروں کے ذمہ داران کو یہ باور کرانا کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں کا ماحول ایسا بنائیں جہاں سے جدید تعلیم یافتہ، ٹیکنالوجی کا ماہر، بلند اخلاقی اقدار کا حامل طالب علم تیار ہوسکے۔ انہی مقاصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے ملک گیر پیمانے پر 24 ستمبر 2023ء تا 15 اکتوبر 2023ء قومی، ریاستی، ضلعی اور مقامی سطح پر مختلف تعلیمی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔”
اس موقع پر مرشد علی (نائب صدر)، خالد اقبال (سینٹرل سیکریٹری)، فہیم احمد مومن (نیشنل میڈیا کنوینر) خلیق الزماں، شکیل احمد ،ارشاد احمد و دیگر اراکین موجود تھے۔ میڈیا نمائندوں کے سوالات کے آئیٹا کے ذمہ داروں نے تشفی بخش جوابات دیے۔