22.1 C
Delhi
January 24, 2025
Hamari Duniya
علاقائی خبریں

ملت اسلامیہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عیدالفطر مبارک ہو! وصی اللہ مدنی

Wasiullah

سدھارتھ نگر،12اپریل (ایچ ڈی نیوز)۔
ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر،یوپی کے ناظم مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے تمام عالم اسلام عموماً اور مسلمانان ہند کو خصوصاً عیدالفطر کے پرمسرت اور حسیں موقع پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اللہ کا شکرادا کیا کہ اس نے ہم لوگوں کو رمضان کا مبارک مہینہ نصیب فرمایا اور پورے ماہ صیام وقیام اور دیگر عبادات بجالانے کی توفیق ارزانی عطافرمائی۔
آج نہایت جوش و خروش، انتہائی سادگی اور خوش گوار ماحول میں سنت نبوی کے مطابق عید الفطر کی نمازادا کی گئی، فرزندانِ توحید وخواتین ملت سے عیدگاہ کھچاکھچ بھرا ہوا تھا، منظر دیدنی اور حسین تھا، دوگانہ ادا کرنے کے بعدہر کوئی ایک دوسرے کو مبارک بادیاں پیش کررہے تھے، ولله الحمد والمنة
رمضان کا متبرک مہینہ ہم سے رخصت ہوتے ہوئے یہ پیغام دے گیا ہے کہ جس طرح ہم اس ماہ میں عبادات کا اہتمام کررہے تھے، اسی طرح آئندہ آنے والے مہینوں میں بھی اللہ کے احکام بجالائیں، فرائض کی ادائیگی کا خصوصی اہتمام والتزام کریں، غریبوں، مسکینوں اور مظلوموں کی دل کھول کر مدد کریں، صلہ رحمی کریں، آپسی رنجش ومنافرت کو ختم کریں، باھمی تعاون، الفت ومحبت کو فروغ دیں، اعمال صالحہ پر ثبات اور نافرمانیوں سے اجتناب کریں اور شش عیدی روزے(شوال کے چھ روزے) رکھنے کا اہتمام کریں کیونکہ احادیث میں ان روزوں کی بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے۔
رمضان المبارک کے فرض
روزوں کے بعد شوال کے چھ روزے رکھنا واجب نہيں بلکہ مستحب وسنت نبوی اوربڑے اجر وثواب کا باعث ہے، کیونکہ جو شخص بھی رمضان المبارک کے روزے رکھنے کےبعد شوال میں چھ روزے بھی رکھے تو اس کے لیے پورے سال کے روزوں کا اجروثواب لکھا جاتا ہے ۔ حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:”جس نے رمضان کے روزے رکھے پھر اس کے بعد شوال کے چھ(نفلی ) روزے رکھے، تو یہ(پوراسال) مسلسل روزے رکھنے کی طرح ہے۔
“ایک نیکی کا ثواب کم از کم دس گنا ہے ” کے اصول کے مطابق رمضان کے روزے دس مہینوں کے روزوں کے برابر ہوئے اور اس کے بعد شوال کے چھ روزے اگر رکھ لیے جائیں تو یہ دومہینے کے روزوں کے برابر ہوں گے، اس طرح اسے پورے سال کے روزوں کا ثواب مل جائے گا۔ شوال کے یہ روزے نفلی ہیں، انہیں متواتر بھی رکھاجاسکتاہے اور ناغہ کرکے بھی، تاہم شوال ہی میں ان کی تکمیل ضروری ہے۔
اگر شرعی عذر کی بنا پر کسی شخص کے رمضان کے کچھ روزے چھوٹ گئے تو یہ شخص پہلے چھوٹے ہوئے روزوں کی قضا کرے گا، پھر شوال کے روزے رکھے گا، اس لیے کہ شوال کے ان چھ روزوں کی فضیلت جس حدیث میں وارد ہے اس میں یہ صراحت ہے کہ’’جس نے رمضان کے روزے رکھنے کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے اسے ہمیشہ روزہ رکھنے کا ثواب حاصل ہوگا۔‘‘
لیکن اگر کوئی شخص رمضان کے روزوں کی قضا پہلے نہ کرسکے اور مخصوص نفلی روزوں کے وقت نکلنے کا ڈر ہو، اس بنیاد پر وہ پہلے نفلی روزے رکھ لے پھر بعد میں رمضان کے فوت شدہ روزوں کی قضاء کرلے، تو اس کے دونوں روزے صحیح ہوں گے۔یہ عید سعید ہمیں باھمی اتحاد واتفاق، وحدت ویگانگت، قومی وملی یکجہتی، رواداری اور انسانیت نوازی کا پیغام دیتی ہے۔ اللہ تعالی ہم سب کو بار بار عید کی خوشیاں نصیب کرے اور امت مسلمہ کے درپیش مسائل ومشاکل کے خاتمہ کی راہ ہموار فرمائے اور ہمارے صیام وقیام، تمام عبادات وطاعات اور اعمال صالحہ کو شرف قبولیت بخشے، آمین
امیر جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی نے بھی بصمیم قلب تہنیت وتبریک پیش کرتے ہوئے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کی خصوصی درخواست کی ہے، اسی طرح ناظم جمعیت کے نائبین ومعاونین اور دیگر ذمہ داروں نے اپنی بے پایاں مسرت وشادمانی کااظہار کرتے ہوئے امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔

Related posts

گئو کشی کے الزام میں اعظم گڑھ میں دو خواتین سمیت 5 افراد گرفتار

Hamari Duniya

کیرانہ ،شاملی روڈ پر المناک حادثہ میں تین جاں بحق

بلیٹ بائیک سوار تین نوجوانوں کو روڈویز بس نے کچل دیا،موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ۔:

Hamari Duniya

ناون خرد میں یک روزہ جلسہ عام 3 نومبر کو

Hamari Duniya