کولمبو: تاریخی معاشی بحران سے دوچار سری لنکا کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔ گزشتہ تین ماہ سے جاری کوششوں اور آئی ایم ایف ٹیم کے دورہ سری لنکا کے بعد ابتدائی معاہدے کے تحت سری لنکا کے لیے 2.9 ارب ڈالر کا قرضہ حاصل کرنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔
سری لنکا کو اس وقت آزادی کے بعد سب سے شدید معاشی بحران کا سامنا ہے۔ ملک میں زرمبادلہ کی شدید قلت ہے۔ جس کی وجہ سے سری لنکا میں اشیائے ضروریہ کی درآمد بھی رک گئی ہے۔ معاشی بحران کی وجہ سے سری لنکا میں بھیانک سیاسی بحران دیکھنے میں آیا، جس میں نہ صرف صدر اور وزیر اعظم کی رہائش گاہوں پر مشتعل افراد نے قبضہ کر لیا بلکہ ان کے دباو¿ پر صدر اور وزیر اعظم کو عہدہ چھوڑنا پڑا۔
سری لنکا نے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مدد کی درخواست کی تھی۔ آئی ایم ایف کی ٹیم تین ماہ میں دو بار سری لنکا کا دورہ کر چکی ہے۔ آئی ایم ایف حکام جو گزشتہ چند دنوں سے دوسرے دور کی بات چیت میں مصروف ہیں، قرضوں کے استحکام کی بحالی کے لیے اقدامات پر پورا زور لگا رہے ہیں۔ سری لنکا کے وزیر اعظم دنیش گونا وردنے نے آئی ایم ایف ٹیم کے ساتھ اپنی ملاقات میں ملک میں معاشی طور پر کمزور گروپوں کے تحفظ پر توجہ دینے کی درخواست کی تھی۔
آئی ایم ایف کے مذاکراتی پینل کے سربراہ پیٹر بریور نے کہا کہ ان کی ٹیم نے حکومت، اپوزیشن اور دیگر جماعتوں کے ساتھ بات چیت کی اور حقائق پر مبنی رپورٹ واشنگٹن میں ہیڈ کوارٹر کو بھیج دی۔ آئی ایم ایف کے نمائندوں نے قرضوں کی تنظیم نو اور معاشی بحالی کے منصوبوں کی تیاری میں کمزور گروہوں کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کے بارے میں حقائق کی بھی وضاحت کی۔ اس کے بعد آئی ایم ایف اور سری لنکن حکام کے درمیان 2.9 بلین ڈالر کے قرض پر اتفاق ہوا۔ اس قرض کی مدت 48 ماہ مقرر کی گئی ہے۔