نئی دہلی ،25جنوری(ایچ ڈی نیوز)۔
ہمارا ملک بھارت آزادی کی آٹھ دہائیوں کو چھونے والا ہے۔ بنیادی وسائل کی فراہمی کے بعد چاند پر پہنچ کر ستاروں پر کندیں ڈالنے والا ہمارا بھارت اگر ذات پات ،ہندو مسلمان ، برادری واد کے بے بنیاد مباحث میں الجھ کر نفرت کی کاشت کرے گا تو یہ ہمارے بھارت پر بد نما داغ کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا۔ ہماری پارٹی کا بنیادی کام یہ ہے کہ ہم ملک میں قانون کی بالادستی قائم کریں۔ بھائی چارہ اور روزگار و امن کے لئے کام کرتے ہوئے ہندستانی عوام کو راحت پہنچانے کا کام کریں۔ ہماری پارٹی آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کے کارکنان ان باتوں کا خیال رکھیں، اور جو لوگ ہماری پارٹی سے منسلک ہو کر ملک اور قوم کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنی ذہنیت اور دل ودماغ سے برادری واد اور مذہب ذات پات سے پاک صاف کر کے ہی ہماری پارٹی میں شمولیت کریں۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کی قومی صدر عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے پارٹی عہدیداران کی ایک میٹنگ میں پارٹی کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔
عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے اپنے خطاب میںکہا کہ آج چار اسٹیٹ کمیٹی پرسیڈنٹ اور کور کمیٹی پرسیڈنٹ اور الیکشن انچار کو ہم نے انتخابی سند فراہم کرایا ہے۔ یہ ایک خوشی کا ماحول ہے کہ آج ہندستان بھر کے 10ریاستوں میں ہماری پارٹی کا پرچم کھڑا ہوچکا ہے۔ باقی ملک بھر کے بہت سارے عوام ہم سے رابطے میں آ رہے ہیں اور ہم ان سے بات چیت اور مکمل اطمینان کرلینے کے بعد پارٹی کی عہدیداری منتخب کرکے اعلان کریں گے۔ میں امید رکھتی ہوں کہ آپ سب ملک کے قانون پر چلیں گے، اور اسی قانون پر چلتے ہوئے پارٹی کے کام کو آگے بڑھائیں گے۔ جہاں بھی پارٹی کی بات آتی ہے آپ لوگ یہ کبھی نہیں کہیں گے کہ ہم ہندو ہیں ہم مسلمان ہیں۔ ذات پات کی باتیں سنتے سنتے لوگ بہت زیادہ تھک چکے ہیں۔ ہم پرانی بھدی ریت رواجوں کو ترک کرتے ہوئے نا انصافیوں کے خلاف لڑیں گے بھلے ہی وہ کسی بھی پارٹی کی طرف سے کیا جا رہا ہو، ہم انصاف اور عوامی خوشحالی کے لئے بلا تفریق مذہب وملت کام کریں گے، آپ لوگ اگر کسی غریب سے غریب شخص کو دیکھیں جسے ستایا جا رہا ہوتو اس کے ساتھ مل کر اسے زندگی کے آخری سانس تک انصاف دلانے کے لئے کام کریں۔
عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہا کہ جب ہم کسی مظلوم کے لئے آگے آئیں گے تو شروع میں ممکن ہے ہم اکیلے ہوں، لیکن جب ہماری محنت لگن اور جستجو عروج کو پہنچے گی تو لاکھوں کی تعداد ہمارے ساتھ شامل ہو جائے گی۔ آپ تاریخ اٹھا کر دیکھیں گے تو پتہ چلے گا کہ آزادی کے لئے جنگ شروع کرنے والے مہاتما گاندھی جی نے شروعات کردی تھی۔ مگر بہت جلد ملک آزادی کے لڑائی کی طرف بڑھ گیا۔ آج ہم انہیں مجاہدین آزادی کی لڑائیوں کی بدولت آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔ آج ہمارے لئے بھی وہ موقع دستیاب ہوا ہے کہ ظلم بہت زیادہ بڑھ چکا ہے،غنڈہ عناصر نیتاگیری اور انتظامی کرپشن نے ملک کا برا حال کر دیا ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم آگے آئیں اور ملک کو بدعنوانی اور بد نظمی کی زنجیر سے آزادی دلاتے ہوئے ملک کو پر امن پر سکون اور انصاف قائم رکھنے والا ملک بنا سکیں۔
عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہا کہ ملک کی بہت ساری پارٹیاں ہم سے الائنس کرکے ریاستی اور لوک سبھا الیکشن میں حصہ لینا چاہتی ہیں۔ آپ لوگوں سے بھی لوگ رابطے کر رہے ہوں گے، تو ہمارا مقصد ہے کہ ہم ملک میں امن اور بھائی چارہ کے قیام کے لئے جو جمہوری اور سیکولر پارٹی ہوگی ان سے اتحاد کرتے ہوئے الیکشن میں قدم اتاریں گے۔ ہمارا مقصد کہیں بھی یہ نہیں ہو سکتا کہ عوام کے ووٹ برباد ہوں، ہم ملک میں امن اور بھائی چارہ و انصاف کی بالادستی کے لئے آگے آئے ہیں، جو اس مہم میں ہمارا ساتھ دے گا ہم اس کے ساتھ ہوں گے۔