نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
ایم سی ڈی الیکشن میں کانگریس پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔اور ہم دہلی کو اپنی چمکتی ہوئی دہلی بنائیں گے۔یہ دعوے آج محکمہ مواصلات کے چیئرمین اور سابق ایم ایل اے انل بھاردواج، دہلی حکومت کے سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، ترجمان اونیکا مہروترا اور محکمہ مواصلات کے نائب چیئرمین انوج اتریہ نے دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے دفتر راجیو بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کئے۔ دہلی کانگریس کے میڈیا انچارج انل بھاردواج نے کہا کہ کارپوریشن انتخابات میں جیت حاصل کر ہم دہلی کو اپنی چمکتی ہوئی دہلی بنائیں گے۔انہوں نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن میں کانگریس کا ہی میئر ہوگا۔
انہوں نے وعدہ کیا کہ برے حالات سے گزر رہی دہلی میں تبدیلی لا کر ہم دہلی کو قرض سے پاک دہلی بنائیں گے۔ کارپوریشن کی آمدنی کو دوگنی کریں گے، جس کے لیے کانگریس کے پاس ایک منصوبہ ہے جس کے لیے پارٹی دہلی کو قرض سے پاک، بدعنوانی سے پاک، شفاف انتظامیہ دے کر صاف اور منظم ”میری چمکتی دہلی“ بنانے کے مشن کے تحت کام کرے گی۔انل بھاردواج نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن 3000 کروڑ کے قرض میں ڈوب گئی ہے، کیونکہ بی جے پی جس نے کارپوریشن میں شفاف حکومت، پارکنگ، صاف ستھرا شہر بنانے کا وعدہ کیا تھا، وہ 15 سالہ دور حکومت میں اس کے کونسلروں نے دہلی کو بدحال کر دیا ہے۔ جس کی وجہ سے آج دہلی کے باشندے خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔ بی جے پی کارپوریشن میں ہونے والی بدعنوانی کو بھی جانتی ہے، اسی لیے وہ ہر بار کارپوریشن کے انتخابات میں اپنے امیدوار بدلتی ہے، پچھلے 15 سالوں میں 30 میئر بنانے کے باوجود ان کے پاس دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ایسا چہرہ بھی نہیں ہے جس کے دم پر وہ انتخاب لڑ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی میں ڈوبی بی جے پی پوری دہلی میں وزیر اعظم مودی کے بڑے ہورڈنگ پوسٹر لگا کر کارپوریشن انتخابات جیتنے کا دعویٰ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی نے کارپوریشن میں کام کیا ہوتا تو مودی کے نام کے سہارے کارپوریشن کا الیکشن نہیں لڑتی بلکہ اپنے کام پر ووٹ مانگتی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے دہلی کو کوڑوں کا شہربنا کر پوری دنیا میں ملک کو شرمسار کردیا ہے۔