واشنگٹن(ایچ ڈی نیوز)۔
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024ءکے صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیا۔واضح رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کو 2020کے الیکشن میںجوبائیڈن کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی۔حالانکہ انہوں نے بہت مشکل سے اس نتیجے کو قبول کیا تھا۔ یہاں تک کہ ان کے حامیوں نے ان کے شکست کے بعدامریکی پارلیمنٹ پر حملہ کردیا تھا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات لڑنے کے حوالے سے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا دیے ہیں۔امریکی ریاست فلوریڈا میں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی واپسی اب شروع ہورہی ہے۔سابق صدر نے کہا کہ آپ کا ملک آپ کی آنکھوں کے سامنے تباہ ہورہا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ نے امریکا کو ناکام بنایا۔واضح رہے کہ ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے 76 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ 2017ءسے 2021ءتک امریکا کے صدر رہے۔