نیویارک،22مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے، نیویارک میں ٹرمپ ٹاور کے قریب رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں اور پولیس ہائی الرٹ ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے آج اپنی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے حامیوں کو احتجاج کی کال دی تھی۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرینڈ جیوری ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم سے متعلق ووٹنگ آج کر سکتی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق فرد جرم اگلے ہفتے مین ہیٹن کورٹ میں ٹرمپ پر چارجز کے اعلان سے قبل بھی عائد ہوسکتی ہے۔دوسری جانب سابق صدر کے 40 کے قریب حامیوں نے فلوریڈا میں ریلی نکالی جبکہ نیویارک سٹی میں ٹرمپ کی مخالفت میں ریلی نکالی گئی۔واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کی انتخابی مہم میں امریکی اداکارہ کو رقم دینے کا الزام ہے۔
اسٹورمی ڈینیئلز کے نام سے مشہور پورن اسٹار نے گرینڈ جیوری کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں سن 2016 کے انتخاب سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے جنسی تعلقات کو ظاہر نہ کرنے کے لیے مبینہ طور پر رقم ادا کی گئی تھی۔
جنوری سنہ 2018 میں امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہونے والی ایک تحریر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ کے اس وقت کے وکیل مائیکل کوہن نے ڈینیئلز کو اکتوبر 2016 میں صدارتی انتخاب سے ایک ماہ قبل ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی رقم دی تھی۔ یہ انتخاب صدر ٹرمپ جیت گئے تھے۔ تحریر کے مطابق ایسا ڈینیئلز نے مبینہ طور پر نیشنل انکوائرر کو ٹرمپ کے ساتھ اپنے جنسی تعلق کی کہانی بیچنے کی کوشش کے بعد کیا گیا تھا۔ٹرمپ کے سابق فکسر مائیکل کوہن نے بھی عدالتی پینل کے سامنے گواہی دیتے ہوئے ڈینیئلز کو رقم کی ادائیگی کرنے کا اعتراف کیا تھا اور کہا کہ انہیں بعد میں معاوضہ دیا گیا تھا۔ ایک اور واضح نشانی یہ ہے کہ خود ٹرمپ کو گواہی کے لیے بلایا گیا تھا تاہم انہوں نے انکار کر دیا تھا۔
ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے سے ایک طویل عمل شروع ہو گا جو کئی مہینوں تک جاری رہ سکتا ہے کیوں کہ اس کیس کو قانونی مسائل کے پہاڑ کا سامنا کرنا اور جیوری کے انتخاب کی طرف جانا پڑے گا۔ تاہم فوری طور پر اس سے کئی اقدامات کو تحریک ملے گی، بشمول اس بات کی تیاری کرنا کہ ٹرمپ کو کیسے گرفتار کیا جائے۔ زیادہ امکان ہے کہ ٹرمپ حکام کے سامنے ہتھیار ڈال دیں گے۔