تمام طلبہ و طالبات کو داد وتحسین، پرخلوص دعاؤں اور گراں قدر انعامات سے نوازاگیا۔
سدھارتھ نگر، 09فروری(ایچ ڈی نیوز)۔
ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے زیراہتمام ضلع کے مکاتب اسلامیہ کے طلبہ و طالبات کے مابین ضلعی سطح پر فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ بمقام صدر دفتر ضلعی جمعیت نوگڑھ (سدھارتھ نگر) یوپی بدر کی جامع مسجد میں بحسن وخوبی اور انتہائی کامیابی کے ساتھ ختم ہوگیا، جس میں ضلع کے درجنوں مدارس کے طلبہ نے حصہ لیا، جھنوں نے حلقہ واری جمعیات کے مقامی مراکز میں اپنے اپنے مضامین میں اول پوزیشن حاصل کی تھی، ان طلبہ کے ساتھ ان کے اساتذہ اور سرپرست بھی حاضر ہوئے، حکم کے فرائض سرانجام دینے کے لیے بیرون ضلع اورپڑوسی ملک نیپال کے مستند ومعتبر علمائے کرام : مولانا محمد نسیم مدنی، مولانا عبدالخالق سلفی مرکزی، مولانا پرویز مدنی، مولانا مولانا محمد شریف مدنی، مولانا مشتاق سلفی، حافظ مولانا فضیل مدنی، مولانا عتیق الرحمن سراجی، مولانا خالدرشید سراجی، حافظ طارق ریاض، مولانا ضیاء الدین ریاضی،مولانا محمد اختر اکرہروی، مولانا عبیداللہ سلفی،ماسٹر محمد اللہ صاحبان مدعو کیے گئے تھے، جنھوں نے پوری امانت ودیانت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دئے، سب سے پہلے قرأة قرآن کریم کا مسابقہ ہوا، پھر حمد باری تعالیٰ اور نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا، اس کے بعد اردو، ہندی اور انگلش زبانوں میں تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا، تمام مشارکین طلبہ و طالبات نے جرأت وبےباکی اور عمدگی کے ساتھ اپنے اپنے موضوع کی وضاحت کی، اذکار وادعیہ کا امتحان تقریری ہوا، دینیات کے لیے الگ الگ پرچے بنائے گئے تھے، موسم کی خرابی اور سخت سردی کے باوجود اس فائنل تعلیمی مظاہرہ میں 80طلبہ و طالبات شریک ہوئے،
طلبہ نےاتنی اچھی تیاری کی تھی کہ نمبرات دینے میں حکم صاحبان کو فیصلہ لیتے ہوئے پریشانی آرہی تھی، اسی سبب پوزیشنوں میں ٹکراؤ بھی ہوا اور مساوی نمبرات حاصل کرکے کئی طلبہ پوزیشن کے مستحق قرار دئے گئے۔
اذانِ ظہر کے ساتھ سارے پروگرام پرسکون و خوش گوار ماحول میں ختم ہوگئے، بعد نماز ظہر مہمانوں نے ماحضر تناول کیا، تقریباً تین بجے اختتامی نششت برائے نتائج اعلان وتقسیم انعامات کے لیے منعقد ہوئی جس کی صدارت امیر جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی اور نظامت مولانا سعود اختر سلفی نے نبھائی، شروع میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم نے قرأت کیا اور اس کے بعد حمد و نعت پر مشتمل اشعار خوش گلو شاعر محمد اختر اکرہروی نےگنگنایا، وقت کی تنگ دامانی کے باعث بعض مختصر تاثراتی کلمات ہی پر اکتفا کیا گیا۔
سب سے پہلے ضلعی جمعیت کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی نے اپنے استقبالیہ کلمات میں تمام مشارکین، معاونین اور منتظمین کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے بحسن وخوبی پروگرام کے اختتام پرانتہائی مسرت وشادمانی کا اظہار کیا، تعلیمی مظاہروں کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قابل ذکر مدارس کے طلبہ کی عدم شرکت پر افسوس کا بھی اظہار کیا، حکم صاحبان کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا محمد نسیم مدنی نے اپنے تاثراتی کلمات میں کہا کہ “الحمدللہ! آج مجھےضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر یوپی کے فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ میں بطور حکم شرکت کی سعادت حاصل ہوئی، جمعیت کا یہ کارنامہ خوب تر رہا، جماعت کے ذمہ داران مدارس کو چاہیے کہ ایسے تعلیمی مظاہروں ومسابقوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، مکاتب کے علاوہ بڑے اداروں کے طلبہ وطالبات کی شرکت کے لیے بھی ٹھوس اقدام اور لائحہ عمل مرتب کرنے کی شدید ضرورت ہے اورایسے پروگراموں کے انعقاد پر ذمہ داران جمعیت کے ساتھ بھرپور تعاون فرمائیں۔ ضلعی جمعیت سدھارتھ نگر کے تمام ذمہ داران بطورِ خاص ناظم جمعیت مبارک باد کے مستحق ہیں، اللہ ان کی خدمات کو قبول فرمائے۔ آمین
تمام حلقوں کے نظماء کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانامحمد ہاشم نے کہا کہ
ضلعی جمعیت کے ذمہ داران خصوصاً اس کے امیر وناظم قابل مبارک باد اور شکریہ کے مستحق ہیں جنھوں نے ضلعی سطح پر یہ فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ کا انعقاد کرایا اور شفافیت اور مثالی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
مولانا عبدالرحیم امینی صاحب نے مسابقات کے فوائد وثمرات کاذکرکرتے ہوئے بعض انتہائی اہم اورمفید مشورے و تجاویزپیش فرمائےنیز مدارس اور نسواں کالجوں میں سالانہ انجمن کے موقع پر پیش کئے جانے والے حیاسوز ایکشن اور ڈراموں کی شرعی قباحت کوبیان کیا اور پابندی عائد کرنے کی گزارش کی۔
قابل قدر مہمان خصوصی، جماعت کے بزرگ عالم دین اورمرکزتحفیظ القران الکریم کے بانی وصدر مولانا عبدالقدوس محمد نذیر مدنی نے اپنے خطاب میں ذمہ داران ضلعی جمعیت اور تمام مشارکین طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے اس پروگرام میں شرکت کرکے مجھے بے حد خوشی ہوئی اور بہت متاثر ہوا، اس طرح کے تعلیمی مظاہروں سے اساتذہ وطلبہ کی ہمت افزائی ہوتی ہے اور مدارس کا معیار تعلیم بلند ہوتا ہے۔ حضرت لقمان کی نصیحت ذکرتے ہوئے اقامت نماز اور توحید پر استقامت کی تلقین کی۔
صدر مجلس اور جمعیت کےامیر مولانا محمد ابراہیم مدنی نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام حاضرین، مشارکین، معاونین ومتعاونین کی تشریف آوری اور ہرممکن تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکاتب اسلامیہ دین کے مضبوط قلعے ہیں ان کے بقا و استحکام اور تحفظ کی کوشش کریں اور ہمارے اساتذہ کرام قوم وملت کے معمار اور نونہالان ملت کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ اس کے بعد مولانا عبدالرشید سلفی نے نتائج کا اعلان کیا اور ذمہ داران جمعیت، مہمان خصوصی اور دیگر معززین اساتذہ گرامی کے ہاتھوں تمام مشارکین طلبہ کے مابین انعامات تقسیم کئے گئے، جو کتابیں انعام میں دی گئیں وہ حسب ذیل ہیں :
قرآن کریم
۔1 تفسیر احسن البیان
۔2 ریاض الصالحین مکمل
۔3 مختصر فقہ اسلامی مکمل
۔4قران کا انسائکلوپیڈیا
۔5 علماء اہل حدیث بستی وگونڈہ
۔6 ہمارا عقیدہ
۔7 مختصر فقہی احکام ومسائل
۔8 امام ترمذی اور ان کی جامع وغیرہ
مزید تمام مشارکین طلبہ و طالبات کو اعزازی سند اور اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو پانچ سو روپیہ، دوم کو تین سو روپیہ، سوم کو دوسو روپیہ اور عام طلبہ کو سو روپیہ نقد بھی دیا گیا، تمام زمروں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی تفصیل حسب ذیل ہے :
قرأتِ قرآن : میں اول پوزیشن، طوبی انجم دوم عبداللہ سوم ناہدہ خاتونخاتون نے حاصل کیا۔
حمد خوانی : میں اول پوزیشن عشرت جہاں، دوم مشترکہ طورپر اسماء خاتون اور تسلیم النساء سوم شمیمہ خاتون نے حاصل کیا۔
نعت خوانی : میں اول پوزیشن نور ارم نعیم، دوم ھبہ خاتون، سوم ام کلثوم نے حاصل کیا۔
اردو تقریر : میں اول پوزیشن عبد الحنان، دوم ضویاءریاض، سوم گل افشاں نے حاصل کیا۔
ہندی تقریر : میں اول پوزیشن صابرین خاتون، دوم محمد ریان، سوم شکیب اطہر نے حاصل کیا۔
انگلش تقریر : میں اول پوزیشن معاذخاں ، دوم ادبیہ بانو، سوم محمد طاہر نے حاصل کیا۔
دینیات پنجم : میں اول پوزیشن الطاف احمد، دوم رحمی ارم، سوم رفعاءایمن نے حاصل کیا۔
دینیات چہارم : میں اول پوزیشن مشترکہ طور پر محمد شمس اللہ اور مہتاب احمد دوم نداء عرشی، سوم شفاءایمن نے حاصل کیا۔
دینیات سوم : میں اول پوزیشن رشدی، دوم مشترکہ طور پر ضحیٰ ابوبکر اور محمد عدنان ادیبہ، سوم نورصبا نے حاصل کیا۔
دعائیں پنجم : میں اول پوزیشن یاسمین بانو، دوم اقراء نکہت، سوم صابرین صابر نے حاصل کیا۔
دعائیں چہارم : میں اول پوزیشن نغمہ خاتون، دوم الفیہ، سوم محمد خالد نے حاصل کیا۔
دعائیں سوم : میں اول پوزیشن محمد ساحل، دوم محمد عرباض، سوم نائلہ صنوبر نے حاصل کیا۔
اس پر مسرت موقع پر ضلعی جمعیت کی جدید مطبوعہ کتاب ”علماء اہل حدیث بستی وگونڈہ“ مؤلفہ ڈاکٹر بدر الزماں نیپالی،مدنی اور سالک بستوی رحمہ اللہ کی کتاب “سخنہائے اہل قلم”تمام مہمانوں اور اساتذہ مدارس کی خدمت میں بطورِ ہدیہ پیش کیا گیا۔
ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے بتایا کہ برادر عزیز قسمت علی عرف مسکان کیٹرس (مینیجر)ہوٹل تندوری ذائقہ، نوگڑھ نے انشراح صدر کے ساتھ تعلیمی مظاہرہ میں شریک ہونے والے تمام طلبہ، اساتذہ مدارس اورمہمانوں کے کھانے کا انتظام کیا، اللہ انھیں دنیا وآخرت کی سعادتوں سے سرفرازکرے۔ آمین!
اس پروگرام کے انتظام وانصرام میں مقامی وضلعی جمعیات کے اکثر ذمہ داروں کے علاوہ مرکز تحفیظ القرآن (بدر) کے اساتذہ کرام وطلبہ نے بھی حصہ لیا اور اسے کامیاب بنانے میں اپنی قربانیاں پیش کیں، ان میں مولانا محمد ابراہیم مدنی، مولانا عبدالرحیم امینی، مولانا عبد الرب سلفی،عبدالرحمن اثری، مولانا سعود اختر سلفی، مولانا شفیع اللہ مدنی، مولانا محمد ہاشم سلفی، مولانا خالد رشید سراجی، مولانا جمشید عالم سلفی، مولانا عبد الرشید سلفی،مولانا تاج الدین سراجی، مولانا اعجاز احمد سنابلی، مولانا عتیق الرحمن سراجی، مولانا صغیر احمد مکی،مولانا اخلاق احمد سلفی، مولانا وصی اللہ سراجی، حافظ اشتیاق احمد فیضی،مولانا سرفراز سراجی، مولانا الطاف الرحمن سلفی،مولانا ابوبکر سراجی، مولانا امیر اللہ یوسفی اورمحمد منان سلمہ وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔ ضلعی جمعیت کے اس پروگرام میں حلقات کے امراء ونظماء اور اساتذہ کرام کے علاوہ بعض علمی و سیاسی، صحافی اور سماجی شخصیات نے شرکت کرکے بچوں کی خوب حوصلہ افزائی کی۔ اللہ سب لوگوں کی شبانہ روز کاوشوں کو شرفِ قبولیت بخشے اور جماعت وجمعیت کی مزید خدمت کی توفیق دے۔ آمین!