طلبا اپنے مستقبل کو لے کر ہمیشہ فکر مند رہیں۔ پروفیسر ساجد حسین
نئی دہلی،11مئی(ایچ ڈی نیوز): دہلی کے مشہور و معروف دیال سنگھ کالج( ایوننگ) میں آج نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس تقریب میں سال اول سے لے کر سال سوم کے طلبا و طالبات کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔پروفیسر ساجد حسین نے طلبا سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ سبھی کو اپنے اچھے مستقبل کو لے کر فکر مند ہونا چاہئے۔اب وقت ضائع کرنا آپ لوگوں کے لئے بہت نقصاندہ ثابت ہوگاجس شعبے میں جانا چاہیں جائیں مگر محنت اور لگن کے ساتھ کام کیجیے۔
آخر میں انہوں نے طلبا کے بہتر مستقبل کے لیے دعائیں دیں۔اسی طرح ڈاکٹر شاہد اقبال نے کہا کہ آپ سبھی باصلاحیت اور ہنر مند ہیں بس اس کا استعمال صحیح طریقے سے کرنے کی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ اس تقریب میں سال اول کے طلبا عمران احمد،زید راشد،سید احمد،وسیم احمد ، مہتاب رضا اورنعمان نے اپنے اپنے فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اس دوران فائنل ایئر کے طلبا نے اپنے تین سالہ کالج کی زندگی کے تجربات کو بیان کیا۔پھر سال اول کی طرف سے فائنل ایئر کو مومینٹو پیش کیا گیا۔اس
کے علاوہ تقریب کو یادگار بنانے کے لئے شعبہ اردو ،بزم ادب کی جانب سے سر ٹیفکیٹ بھی تقسیم کیا گیا۔سال دوم کے طلبا خاص طور پر عدنان رحمت پروگرام میںپیش پیش رہے۔سال اول کے طلبا کی جانب سے پورے شعبہ کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھااس طرح تقریب اپنے اختتام کو پہنچا۔