بھوپال، 04 مارچ: جمعیۃ علماء ہند اندور ڈویژن کے صدر مولانا مفتی محمد عمر قاسمی نے ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز “بھارت رتن” کے لیے عظیم مجاہدِ آزادی اور ممتاز اسلامی اسکالر مولانا حسین احمد مدنی کے نام کی پرزور وکالت کی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں صدرِ جمہوریہ اور وزیرِ اعظم ہند کو مکتوب ارسال کرتے ہوئے مولانا کو بعد از وفات “بھارت رتن” عطا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مولانا عمر قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا حسین احمد مدنی تحریکِ آزادی ہند کے صفِ اوّل کے رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے انگریز حکومت کے خلاف جدوجہد کی، متعدد بار اسیری برداشت کی اور ملک کی آزادی کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کردی۔ آپ دارالعلوم دیوبند کے ممتاز اساتذہ میں شامل رہے اور “متحدہ قومیت” کے نظریے کے ذریعے ہندو-مسلم اتحاد کو نئی سمت عطا کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سن 1954 میں حکومتِ ہند کی جانب سے انہیں “پدم بھوشن” سے نوازا جانا ان کی قومی خدمات کا اعتراف ہے۔ ایسے عظیم قومی رہنما کو ملک کا سب سے بڑا شہری اعزاز دیا جانا وقت کی اہم ضرورت اور کروڑوں ہم وطنوں کے جذبات کی ترجمانی ہے۔
مذکورہ یادداشت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر مرکزی حکومت اس مطالبے پر مثبت فیصلہ لیتی ہے تو اس سے قومی یکجہتی، باہمی ہم آہنگی اور تحریکِ آزادی کی اقدار کو تقویت ملے گی۔
مولانا عمر قاسمی نے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے قومی صدور اور اہم اراکینِ پارلیمنٹ کو بھی خطوط ارسال کیے ہیں اور پارلیمنٹ میں اس مطالبے کو اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے جلد مثبت فیصلہ لینے اور کی گئی کارروائی سے آگاہ کرنے کی گزارش کی ہے۔
ہمارے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کریں

