نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
آج دہلی کو ایک نیا وزیرمل گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے پٹیل نگر کے ایم ایل اے راج کمار آنند کوکیجریوال کے کابینہ میں شامل کیا گیا۔ وزیر بنانے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد انہوں نے جمعرات کی صبح راج نواس میں وزیر کے طور پر حلف لیا۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) ونے کمار سکسینہ نے آنند کو حلف دلایا۔ راجکمار آنند اب دہلی سکریٹریٹ میں چارج سنبھالیں گے۔
راج کمار آنند دہلی حکومت کی کابینہ میں راجندرپال گوتم کی جگہ لیں گے۔ حال ہی میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے نئے وزیر کے لیے راجکمار آنند کا نام ایل جی کو بھیجا تھا جس کے بعد اسے صدر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ گذشتہ دنوں تبدیلی مذہب کی تقریب میں شریک ہونے کی وجہ سے سرخیوں میں آئے کیجریوال حکومت کے سابق وزیر راجندر پال گوتم کے استعفیٰ کے بعد اب راج کمار آنند نئے وزیر کے طور پر کابینہ میں شامل ہو گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ وجے دشمی کے موقع پر دہلی کے سینٹرل ضلع کے امبیڈکر بھون میں اجتماعی تبدیلی کا پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں دہلی حکومت کے وزیر راجندر پال گوتم بھی موجود تھے۔ اس پروگرام میں ہندو دیوی دیوتاو¿ں کی پوجا نہ کرنے کا حلف لیا جا رہا تھا۔ اسی پروگرام کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راجندر پال گوتم اپوزیشن کے نشانے پرآگئے ۔ اس کے بعد راجندر پال نے وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد ان کا محکمہ سنبھالنے کے لیے راج کمار آنند کا نام سامنے آیا۔
راجکمار آنند برسوں پہلے تالے بنانے والی فیکٹری میں کام کرتے تھے۔ اس دوران انہوں نے قانون کی تعلیم حاصل کی اور وکیل بن گئے۔ راجکمار کی بیوی 2013 میں پٹیل نگر سیٹ سے ایم ایل اے رہ چکی ہیں۔ انہوں نے یہ سیٹ بھی عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر جیتی تھی۔ راجکمار ایک صاف ستھری شبیہ والے لیڈر ہیں۔ دلت برادری میں ان کی اچھی گرفت ہے۔
previous post