نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)
شمال سے لے کر جنوبی ہند کے کئی ریاست بارش سے بے حال ہیں۔ دہلی-این سی آر سے لے کر ممبئی تک مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ وہیں پہاڑی ریاستوں میں بھی موسلادھار بارش ہورہی ہے۔راجدھانی دہلی، گروگرام، فریدآباد،غازی آباد، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا سمیت این سی آر میں کل ہفتہ سے ہی رک رک کر بارش ہورہی ہے۔ دہلی این سی آر میں کہیں تیز تو کہیں آہستہ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے آج دہلی، اتر پردیش، اتراکھنڈ، مشرقی راجستھان، مشرقی گجرات، مغربی مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ نے اتوار کو اتر پردیش، اتراکھنڈ اور تمل ناڈو میں شدید بارش کے پیش نظر اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ بہار، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ سمیت 23 ریاستوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، اوڈیشہ، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، راجستھان اور گجرات، مہاراشٹر، گوا، تلنگانہ، پڈوچیری، آندھرا پردیش، کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالہ اور شمال مشرقی ہندوستان کے سکم، اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں کچھ مقامات پر تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانی اور کچھ مقامات پر بھاری بارش کے آثار ہیں۔ محکمہ نے ان 26 ریاستوں میں اورینج اور یلو الرٹ جاری کیا ہے۔