Delhi Heavy Rain
نئی دہلی، یکم اگست (ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی-این سی آر میں بدھ کی شام ہوئی موسلادھار بارش سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ پانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی سڑکوں پر ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے بارش کے حوالے سے ایک دن پہلے اورنج الرٹ جاری کیا تھا اور اب محکمہ نے اگلے 36 گھنٹوں میں دہلی-این سی آر میں شدید بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ شدید بارش کے پیش نظر دارالحکومت میں یکم اگست جمعرات کو تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دہلی کی وزیر تعلیم آتشی نے اس کا اعلان کیا ہے۔دارالحکومت دہلی میں بدھ کی شام شدید بارش کی وجہ سے شہر کے سبزی منڈی علاقے میں ایک مکان گر گیا۔ مکان کے ملبے میں کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ حالانکہ فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور راحت اور بچاو کا کام جاری ہے۔ فائر سروس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہیں رات 9 بجے کے قریب رابن سینما کے قریب گھنٹہ گھر کے پاس سبزی منڈی علاقے میں ایک مکان کے گرنے کی اطلاع ملی۔ پانچ فائر ٹینڈر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔بارش کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک جام بھی لگ گیا۔
Delhi Heavy Rain
آئی ٹی او سے لکشمی نگر تک طویل ٹریفک جام لگ گیا ہے۔ کناٹ پلیس اور منڈی ہاوس میں پانی بھر جانے کے بعد سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ منٹو پل کے نیچے بھی پانی بھرا ہوا ہے۔ دہلی این سی آر کی بھی یہی حالت ہے۔ نوئیڈا، غازی آباد، فرید آباد اور گروگرام میں کئی سڑکوں پر سیلاب جیسی صورتحال ہے۔ میٹرو اسٹیشن کے باہر پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔یہی نہیں مشرقی دہلی کے سب سے بڑے اسپتال گرو تیغ بہادر کے بلڈ بینک میں بھی پانی بھر گیا۔ جس کی وجہ سے مریضوں اور لواحقین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے بعد دہلی کے لوٹینس زون، پارلیمنٹ ہاوس کے مکر گیٹ، مہادیو روڈ، اشوکا روڈ اور جنتر منتر سمیت کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے۔