نئی دہلی، 29 جولائی(ایچ ڈی نیوز)۔
کیجریوال حکومت کی ہدایات کے باوجود، افسران سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 10,000 روپے کی فوری امداد فراہم کرنے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ افسران کی اس بے حسی سے ناراض وزیر ریونیو آتشی نے چیف سکریٹری کو خط لکھ کر سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی حکومت کی طرف سے امدادی رقم کا اعلان کئے ہوئے10 دن ہوچکے ہیں لیکن اب تک 4716 سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں سے صرف 197 متاثرین کو ہی 10 ہزار روپے کی امدادی رقم مل سکی ہے۔ 29 اور 30جولائی کو وزیر ریونیو نے تمام افسران کو تعینات کرنے اور امدادرقم کی تقسیم کا کام جنگی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت کی، تاکہ پیر تک تمام متاثرہ افراد کے بینک کھاتوں میں رقم جمع ہوکی جاسکے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر ریونیو نے 31 جولائی کی شام 6 بجے تک وزیر اعلیٰ اور ان (وزیر ریونیو) کو امدادی رقم کی تقسیم کی اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
دہلی کی ریونیو وزیر آتشی نے چیف سکریٹری سے کہا کہ وہ دہلی میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو حکومت کی طرف سے دی جانے والی 10,000 روپے کی مالی امداد کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیں اور ساتھ ہی محکمہ ریونیو کے پرنسپل سکریٹری اشونی کمار اور محکمہ ریونیو کے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ جمعہ کی شام کو جائزہ لیا گیا۔ ریونیو منسٹر نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ سیلاب کے دوران ریلیف کیمپوں میں رہنے والے 4716 خاندانوں میں سے صرف 197 خاندانوں کوہی دہلی حکومت سے 10,000 روپے کی امدادمل سکی ہے۔
ریونیو وزیر آتشی نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ 15 جولائی کو آپ کو حکم دیا گیا تھا کہ سینئر آئی اے ایس اور ڈی اے این آئی سی ایس افسران دہلی میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے بچاو، راحت اور باز آبادکاری کے کاموں کی نگرانی کریں اور ضلع انتظامیہ کی مدد کریں۔ سیلاب سے متاثرہ دہلی کے 6 اضلاع میں 19آئی اے ایس اور 18ڈی اے این آئی سی ایس افسران تعینات کیا گیا ہے۔