نئی دہلی29اپریل(ایچ ڈی نیوز)۔
حج بیت اللہ2023کے لیے حج پروازوں کا سلسلہ شروع ہونے میں گنتی کے22دن رہ گئے ہیں۔دہلی کے حجاج کرام کو سفر حج پر لے جانے کے لیے سعودیہ ایئرلائنس کی پروازیں آئندہ21مئی سے شروع ہونگی۔ ایسے میں حج کمیٹی کی جانب سے تیاریاں زورو شور سے کی جارہی ہےں۔اسی ضمن میں آئندہ یکم مئی سے نو مئی تک حج منزل میں دہلی کے عازمین حج کو حج سے متعلق ارکان و مسائل اور سعودیہ عربیہ اور مدینہ منورہ میں پیش آنے والے معاملات نیز حفظان صحت سے متعلق ہدایات پر مشتمل تربیتی کیمپ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ اس نو روزہ کیمپ میں دہلی کے الگ الگ علاقوں کے عازمین حج صبح10بجے سے شام 5بجے تک علماءکرام اور حج تربیت دہندگان سے حج تربیت حاصل کریں گے۔
اس سال حج تربیتی پروگرام میں ہیلتھ اور فٹنیس کے سیشن میں حفظان صحت سے متعلق ایک نئے باب کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے تحت حفظان صحت سے متعلق معاملات میں ہندوستان کی معروف ومشہور شخصیت ڈاکٹر بدرالاسلام نے آج حج منزل میں حج ٹرینر اور خادم الحجاج نیز حج کمیٹی کے اسٹاف و اراکین کو حج کے دوران سعودی عربیہ میں انتہائی گرم موسم اور خشک ہواﺅں کے منفی اثرات کے نتیجے میں عازمین کرام کو پیش آنے والے صحت کے متعلق مسائل اور مشکلات سے محفوظ رہنے کے لیے فطری ورزش اور طریقہ کار سے واقفیت فراہم کی اور بتایا کہ کس طرح حجاج کرام دوران حج بیت اللہ شدید گرمی اور خشکی سے نظام تنفس کی تکالیف اور دماغی حدت سے خود کو محفوظ و مامون رکھ سکتے ہیں۔
یہ تربیتی سلسلہ حج منزل میں منعقد ہونے والے آئندہ نو روزہ تربیتی پروگرام کے علاوہ حج کمیٹی کے منتخب اور مقرر کردہ حج ٹرینرس کے ذریعے علاقائی سطح پر فراہم کیے جانے والے حج تربیتی پروگرام میں بھی پیش کیے جائیں گے۔ تاکہ حجاج کرام اپنی بہتر سے بہتر صحت اور تندرستی برقرار رکھ سکیں اور دوران حج بیت اللہ صحت سے متعلق درپیش مشکلات کی بناءپر انہیں عبادات کی ادائیگی میں صحت سے متعلق کسی معزوری اور مجبوری کا سامنا نہ کرنا پڑیں۔
اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن محترمہ کوثر جہاں، ممبران محترمہ نازیہ دانش،محمد سعد، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسرمحسن علی بھی موجو دتھے۔