نئی دہلی16 ،مارچ(ایچ ڈی نیوز )۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (اقلیتی مورچہ) کے تحت نئی دہلی میں واقع بھاجپا ہیڈ کواٹر میں صوفی سنواد مہا ابھیان بیٹھک کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بھاجپا اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی، بھاجپا کے قومی نائب صدر اور حج کمیٹی آف انڈیا کے چیئرمین اے پی عبداللہ کٹی، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں، مولانا صہیب قاسمی سمیت سبھی عہداران نے صوفی سنواد قائم کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی۔ انہوں نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی صوفی ازم کو بڑھاوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کیونکہ صوفی ازم بنا مذہب و ملت محبت کا پیغام دیتا ہے اور انہیں کی سرپرستی میں اس بیٹھک کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں کو بھاجپا کے سینیئر عہداران کی جانب سے اعزاز سے نوازہ گیا۔
کوثر جہاں نے اس موقع پر سبھی عہداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بہترین اور مضبوط قیادت میں ملک کی ترقی کی نئی اونچائیوں کوچھو رہا ہے اور محترم وزیر اعظم کی سرپرستی میں ملک میں قومی ہم آہنگی اور محبت کو بڑھاوا دینے کے لیے صوفی سنواد مہا ابھیان بیٹھک کے ذریعے پورے ملک میں یکجہتی اور بھائی چارے کا ماحول بنے گا اور اس کے لیے ہم سب مل کر کام کریں گے۔