نئی دہلی ، 13 جولائی (ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی کے نشیبی علاقے سیلاب کے پانی میں ڈوب گئے ہیں کیونکہ کل رات یمنا ندی کے پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے سڑکوں پر اور لوگوں کے گھروں میں صورتحال سنگین ہوگئی ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ احتیاطی طور پر دارالحکومت کے تمام تعلیمی ادارے اتوار تک بند رہیں گے۔ سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر میں بھی اگر ضروری نہ ہو تو گھر سے کام کو اپنانے پر زور دیا گیا ہے۔
صورتحال کے پیش نظر جمعرات کو دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی میٹنگ ہوئی۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ کئی اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔ اسکول ، کالج اور یونیورسٹیاں اتوار تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری دفاتر میں ضروری خدمات کے علاوہ باقی ملازمین گھر سے کام کریں گے۔ نجی اداروں سے بھی اپیل کی جا رہی ہے کہ ان کے ملازمین کو بھی ورک فرام ہوم دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں وزیر آباد ، چندراول اور اوکھلا کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کو بند کر دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو پینے کے پانی کا مسئلہ درپیش ہوگیا ہے۔ پانی کی اب راشننگ کی جائے گی۔
جمنا ندی کے بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کو دیکھتے ہوئے دارالحکومت میں ضروری اشیاءکے علاوہ بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر سنگھو بارڈر ، بدر پور بارڈر ، لونی بارڈر اور چِلا بارڈر سے بھاری سامان کی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ہریانہ ، ہماچل پردیش ، چنڈی گڑھ ، جموں و کشمیر ، اتراکھنڈ سے آنے والی بین ریاستی بسیں آئی ایس بی ٹی کشمیری گیٹ جانے کے بجائے سنگھو بارڈر پر رکیں گی۔ ضروری خدمات جیسے کھانے پینے کی اشیاءاور پٹرولیم مصنوعات لے جانے والی گاڑیوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریلیف کیمپوں سے لوگوں کو اسکولوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں بیت الخلاءاور باتھ رومز سے متعلق مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یمنا بازار ، آئی ٹی او ، راج گھاٹ ، سول لائن ، عثمان آباد ، تبت مارکیٹ ، مجنوں کا ٹیلا ، نگم بودھ گھاٹ ، آئی ٹی او ، جیت پور ، گیتا کالونی ، رنگ روڈ اور کشمیری گیٹ (آئی ایس بی ٹی) سیلاب کی وجہ سے ڈوب گئے ہیں۔ لوہے کے پل پر گاڑیوں اور ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جمنا پل پر دہلی میٹرو کی رفتار ( 30 کلومیٹر فی گھنٹہ) کم کی جا رہی ہے۔جمنا میں آج دوپہر ایک بجے پانی کی سطح 208.62 میٹر تھی۔ اس وقت پانی کی سطح خطرے کی سطح سے 3 میٹر اوپر ہے۔ بارشوں اور ہریانہ کے ہتھنی کنڈ بیراج سے مسلسل پانی چھوڑنے کی وجہ سے یمنا کی پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔
یمنا میں پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے یمنا بینک میٹرو اسٹیشن جانے کا راستہ بند کردیا گیا ہے۔ دہلی میٹرو نے ٹویٹ کیا ہے کہ فی الحال یمنا بینک میٹرو اسٹیشن جانے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرتے وقت براہ کرم متبادل راستے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال یمنا بینک اسٹیشن پر انٹرچینج کی سہولت دستیاب ہے۔بارش کی وجہ سے دہلی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کا بھی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ شاستری پارک علاقے میں لوگوں کو گھنٹوں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ نے آج وزیرآباد واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا۔ یہ پلانٹ سیلاب کی وجہ سے بند ہو گیا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال نے ٹویٹ کیا ، آج یمنا ندی میں پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے بہت سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کو بند کرنا پڑا۔ آج میں نے خود یمنا کے کنارے وزیر آباد واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا۔ جیسے ہی یہاں حالات معمول پر آئیں گے ، ہم اسے جلد شروع کر دیں گے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اپیل کی ہے کہ جن علاقوں میں پانی بھر رہا ہے وہاں تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول بند کر دیے جائیں۔
