حیدرآباد(ایچ ڈی نیوز)۔
دہلی شراب گھوٹالہ کیس کی آنچ اب تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ(کے سی آر) کے گھر تک پہنچ گئی ہے۔ ان کی بیٹی کے کویتا سے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) پوچھ گچھ کرے گی۔ سی بی آئی نے انہیں 6 دسمبر کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔
کویتا تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی قانون ساز کونسل کی رکن بھی ہیں۔ بیورو نے کویتا کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت نوٹس جاری کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ 6 دسمبر کو صبح 11 بجے سہولت کے مطابق پوچھ تاچھ کے لیے مناسب جگہ کے بارے میں مطلع کریں۔ کویتا نے نوٹس کا جواب بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار ان سے ان کی حیدرآباد کی رہائش گاہ پر مل سکتے ہیں۔ کویتا کو بھیجے گئے نوٹس میں سی بی آئی نے کہا ہے ‘تفتیش کے دوران کچھ حقائق سامنے آئے ہیں، جن سے آپ واقف ہوسکتی ہیں۔ اس لیے جانچ کے مفاد میں ایسے حقائق کے بارے میں آپ سے پوچھ تاچھ کرنا ضروری ہے‘۔
قابل ذکر ہے کہ کویتا کا نام مبینہ رشوت گھوٹالہ کے سلسلے میں دہلی کی ایک عدالت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے دائر کی گئی ریمانڈ رپورٹ میں آیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ وہ کسی بھی جانچ کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔