نئی دہلی، 23 فروری (ایچ ڈی نیوز)۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کے ذاتی معاون (پی اے) کو سمن جاری کیاہے۔ ای ڈی ایکسائز گھوٹالے کے سلسلے میں وزیر اعلی کے پی اے سے پوچھ گچھ کرے گی۔ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، ستیندر جین سے اس معاملے میں پہلے ہی پوچھ گچھ ہو چکی ہے۔
سرکاری ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ ای ڈی نے دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کے ذاتی معاون کو طلب کیا ہے۔ ای ڈی نے جنوری میں مبینہ ایکسائز پالیسی اسکیم سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں سات کمپنیوں کے علاوہ پانچ افراد کے خلاف ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے داخل کی گئی دوسری چارج شیٹ میں نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کا نام بھی نہیں آیا ہے۔ لیکن اس معاملے میں درج ایف آئی آر میں سسودیا کا نام ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں ای ڈی نے 6 جنوری کو سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کی ہے۔ اس معاملے میں ای ڈی نے کل 12 لوگوں کو ملزم بنایا ہے۔ مرکزی جانچ ایجنسی نے چارج شیٹ میں وجے نائر، ابھیشیک بوئن پلی ، شرد چندر ریڈی اور بنائے بابو کو ملزم نامزد کیا ہے۔
ای ڈی نے اپنی پہلی چارج شیٹ میں شراب کے تاجر سمیر مہندرو کو دہلی شراب ایکسائز پالیسی کیس میں ملزم کے طور پر نامزد کیا تھا۔ ای ڈی نے اس معاملے میں اب تک سمیر مہندرو، وجے نائر، ابھیشیک بوین پلی، شرد چندر ریڈی، بنائے بابو اور امیت اروڑہ کو گرفتار کیا ہے۔