نئی دہلی ،14جنوری(ایچ ڈی نیوز)۔
کانگریس نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی نے اوکھلا اسمبلی سیٹ سے اریبہ خان کو میدان میں اتارا ہے۔ وہیں سابق مرکزی وزیر کرشنا تیرتھ کو پٹیل نگر سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پارٹی نے گوکلپور سے اپنا امیدوار تبدیل کیا ہے۔ کانگریس نے اب تک 63 امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے۔
شاہین باغ میں کانگریسی کارکنوں میں خوشی کی لہر
جیسے ہی اوکھلا میں کانگریس کارکنوں کو اریبہ خان کو ٹکٹ ملنے کی خبر ملی وہ خوشی سے جھوم اٹھے۔ شاہین باغ میں سابق ممبراسمبلی آصف محمد خان کے گھرپر سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان پہنچ گئے۔اور ان کے گھر پر ہی خوب پٹاخے پھوڑے گئے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آصف محمد خان نے اپنی بیٹی اریبہ خان کو ٹکٹ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کے اعلیٰ قیادت سونیا گاندھی، ملیکارجن کھڑگے، راہل گاندھی پرینکا گاندھی، ریاستی صدر دیویندر یادو،انچارج قاضی نظام الدین اور معاون انچارج دانش ابرار وغیرہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ ہم ضرور اوکھلا کی سیٹ جیت کر کانگریس اعلیٰ قیادت کو تحفہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار کے نام کے اعلان میں ضرور تاخیر ہوئی لیکن کوئی بات نہیں ہماری تیاری پوری ہے اور ہم الیکشن ضرور جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے حلقہ کے تمام ووٹر قابل احترام ہے اور ہم گھر گھر جاکرلوگوں سے ووٹ مانگیں گے۔اس موقع پر اربیہ خان نے بھی ٹکٹ ملنے پر کانگریس اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اور اوکھلا کے لوگوں سے کانگریس کو کامیاب کرنے کی اپیل کی۔
کانگریس کی تیسری فہرست میں 16 امیدواروں کے نام ہیں۔ پارٹی اب گوکل پور-ایس سی سیٹ سے پرمود کمار جینت کی جگہ ایشور باگڑی کو ٹکٹ دیا ہے۔ وہیں گھونڈہ سیٹ سے سینئر لیڈر بھیشم شرما پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کانگریس نے اپنی دوسری فہرست میں 26 ناموں کا اعلان کیا تھا۔کانگریس نے جنگ پورہ سے فرہاد سوری کو ٹکٹ دیا ہے۔ اسی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا بھی میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ سیما پوری سے راجیش للوتھیا ، اتم نگر سے مکیش شرما اور بیجواسن سے دیویندر سہراوت الیکشن لڑیں گے۔
اس سے قبل کانگریس نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے 21 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ کانگریس نے نریلا سے ارونا کماری ، براڑی سے منگیش تیاگی ، آدرش نگر سے شیونک سنگھل ، بادلی سے دیویندر یادو ، سلطان پور ماجرا سے جئے کشن ، ناگلوئی جاٹ سے روہت چودھری ، سلیم گڑھ سے پروین جین ، وزیر پور سے راگنی نائک ، صدر بازار سے انیل بھردواج ، چاندنی چوک سے مدیت اگروال اور بلی مارن سے ہارون یوسف کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ان کے علاوہ تلک نگر سے پی ایس باوا ، دوارکا سے آدرش شاستری اور نئی دہلی سے سندیپ دکشت میدان میں ہیں۔وہیں کستوربا نگر سے ابھیشیک دت ، چھتر پور سے راجیندر تنور ، امبیڈکر نگر سے جئے پرکاش ، گریٹر کیلاش سے گروت سنگھوی ، پٹپڑ گنج سے انیل کمارچودھری ، سیلم پور سے عبدالرحمان اور مصطفی آباد سے علی مہدی کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
