آنند نگر مہراج گنج ، 09اکتوبر(عبید الرحمٰن ؍ایچ ڈی نیوز)۔
امیر الدولہ اسلامیہ انٹر کالج ، لال باغ لکھنؤ کے زیراہتمام صوبائی سطح کے منعقدہ مسابقاتی پروگرام میں دارالعلوم فیض محمدی ہتھیاگڈھ کے چار ہونہار طلبہ نے ممتاز ونمایاں مقام حاصل کیا ہے ، واضح رہے کہ دارالعلوم کے طلباء نے اپنی دیرینہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، اس مرتبہ بھی تمام مسابقے میں پہلی پوزیشن بالترتیب محمدفرحان (اردو تقریر) اور محمد احمد نے (انگلش تقریر) جب کہ اردو تقریر فاضل گروپ میں محمد توصیف نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے ادارہ کے ساتھ ضلع کا نام روشن کیا ہے، جس پر بانی ادارہ مولانا قاری محمد طیب قاسمی ، ناظم اعلیٰ مولانا سعد رشید ندوی اورمہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے۔ مسابقہ سے جیت کر واپسی کے بعد آج دارالعلوم فیض محمدی کی مسجد ” النور ،، میں فاتح ٹیم کے اعزاز میں ایک استقبالیہ پروگرام رکھا گیا، جس کی صدارت ناظم اعلیٰ مولانا سعد رشید ندوی نے فرمائی جب کہ نظامت کے فرائض مفتی احسان الحق قاسمی نے انجام دیئے۔
دارالعلوم کے مہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے اپنے افتتاحیہ کلمات میں سب سے پہلے اپنے تمام مہمانان کرام بالخصوص ڈاکٹر ولی اللہ ندوی، بھائی شمس الہدیٰ خان ، مولانا عبدالرؤف اثریؔ، مولانا شرف الدین قاسمیؔ ، ڈاکٹر جے ڈی خان، ومولانا کلیم احمد قاسمی ؔ کا ، ان کی تشریف آوری پر صمیم قلب سے شکریہ اداکیا، اس کے بعد آپ نے کہا کہ مسابقہ سے جہاں طلبہ کی صلاحیتیں نکھرتی ہیں، وہیں ارباب مدارس کو اس کا بھی علم ہوتا ہے کہ کس مدرسہ وادارہ میں کس معیار کی تعلیم دی جارہی ہے، آج ادارہ کا سر فخر سے اونچا ہے ، کہ اس کے طلباء کے بہترین مظاہرے کے سبب ادارہ کو بھی ٹرافی نصیب ہوئی ہے ، امتیازی پوزیشن لانے والے تمام طلباء کو گلوںکاہار پہنا کر ان کی تکریم واستقبال کیا گیا اور ناظم اعلیٰ کی طرف سے نقدی انعامات سے بھی نوازا گیا۔
ناظم اعلیٰ مولانا سعد رشید ندویؔ نے صوبائی سطح کے مقابلے میں طلباء کی نمایاں کامیابی پر نہ صرف انہیں مبارکباد پیش کیا، بل کہ تمام پوزیشن لانے والے طلباء کی گل پوشی کرتے ہوئے انہیں پند ونصائح سے بھی نوازا: آپ نے اپنے خطاب میں تعلیم ومدارس اسلامیہ کی اہمیت پر بھر پور روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ، آج تعلیم یافتہ قومیں ہی کامیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ یقینا اس قسم کے پروگرام کے انعقاد سے قوم کے نونہالوں کی خوابیدہ صلاحیتو ں کو اجاگر کرنے کے علاوہ ان میں خود اعتمادی کا جذبہ پید اکرنے کا موقع ملتا ہے۔ مدرسہ الدارالسلفیہ کلہوئی بازار کے ناظم مولانا عبد الرؤف اثری ؔ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ مسابقہ میں طلباء کی پوزیشن وکامیابی سے ادارہ کے معیارتعلیم اور بہترین تربیت کااندازہ ہر ایک نے لگا لیا ہوگا۔ اس پر ادارہ کے جملہ اساتذہ کرام، ذمہ داران بالخصوص مولانا قاری محمد طیب قاسمی کاتہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
مولانا ڈاکٹر ولی اللہ ندوی نے طلبہ کو ٹپس دیتے ہوئے کہا کہ : وقتی کامیابی پر خوشی کے اظہار سے اچھا یہ ہے کہ آپ اپنے اندر دائمی صلاحیت ولیاقت پیدا کرنے کی کوشش کریں ، تاکہ ہر میدان میں آپ فتح وکامرانی کا علم بلند کرسکیں، طلباء کی تقریری خواہ اردو میں ہو انگلش میں ، سن بڑی خوشی ہوئی ۔ انہوں نے اپنے پُر تاثیر بیان کے ذریعہ طلباء کے اندر بلندیوں کو چھونے اور ہر میدان میں آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ دلو ں میں حوصلہ اور حوصلوں میںجان پیدا کرنے پیدا کرنے کی تلقین کی۔
نگراں انجمن فیض اللسان ،مولانا ڈاکٹرمحمد اشفاق قاسمی نے ادارہ کے طلباء کو صوبائی سطح کے مقابلہ میں نمایاں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے ا س پر آشوب دور میں جب کہ نوجوانوں کو اپنی متاع علم وفن کو زمانہ کی دست برد سے بچانا مشکل ہورہا ہے ، ایسے وقت میں ہمارے ادارہ کے طلباء کا مسابقہ میں پوزیشن حاصل کرنا یہ یقینا ہمارے لئے بڑی سعادت کی بات ہے ۔ اس موقع پر مولانا وجہ القمر قاسمی، احمد رشید نگراں مدرسہ اقراء گرلس اسکول نسواں، مولانا محمد قیصر فاروقی، بھائی زبیر احمد، مولانا محمد سعید قاسمی، مولانامحمد صابر نعمانی، مولانا شکراللہ قاسمی ، مولاناظل الرحمان ندوی ، ماسٹر محمد عمر خان ، حافظ وسیم احمد ، ماسٹر فیض احمد ، ماسٹر جاوید احمد، حافظ ذبیح اللہ ، ماسٹر صادق علی، وغیرہ موجودتھے۔