مہراج گنج، یکم جنوری: دارالعلوم فیض محمدی ہتھیاگڈھ ، میں انجمن فیض اللسان کے زیر اہتمام” بیت بازی ،،کا ایک شاندار مسابقہ31 دسمبر بروز منگل صبح 10بجے مسجد” النور،،میں سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی کی صدارت اور مہتمم ادارہ مولانا محی الدین قاسمی ندوی کی قیادت میں منعقد ہو ا، نظامت کے فرائض ،مفتی احسان الحق قاسمی نے انجام دیئے جب کہ پروگرام میںمہمان خصوصی وحکم کے طور پر دائرہ ادب گوررکھپور کے ناظم، وآفتاب سخن حافظ ناصر الدین ، آبروئے اردو ادب پروفیسر صغیرعالم، ونوجوان عالم دین مفتی محمد شمیم قاسمی گوپلا پور شاہ نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا، بعدازاں ادارہ کے مہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے اپنے افتتاحی بیان میں کہا کہ: آج کا دن نہ صرف دارالعلوم فیض محمدی کے لئے بلکہ مشرقی اتر پردیش کے اس کوردہ علاقہ کے لئے سعادت مندی ہے کہ ہم سب شعر وسخن کی ایسی مجلس میں شریک ہیں ،جہاں ہمیں علامہ اقبالؒ کی بلند نظری ومفکرانہ سنجیدگی، کلیم عاجزؒ کی شاعرانہ عظمت ورعنائی ،مرزا غالب کا آفاقی کلا م ، اور جگر مرادآبادی کاعالمی تغزل وسرمستی دکھائی دے رہی ہے۔آج انہی اساطین شعر وسخن کے ناموں سے موسوم چار ٹیمیںجس میں باون طلباءشریک مسابقہ ہیں۔
دائرہ ادب گورکھپور کے ناظم حافظ ناصرالدین نے اردو زبان و ادب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ : اس علمی ،ادبی وشعری نشست میں شریک ہوکر بے حد خوشی ہورہی ہے ، آپ نے طلبہ سے اپنے اندر خوداعتمادی پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا، خود اعتمادی ایسی طاقت ہے جس کے سہارے ہر میدان کو فتح کیا جاسکتا ہے ۔ یقینا بچوں نے پوری تیاری کے ساتھ مسابقہ میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ اپنے اپنے فن کا زبردست مظاہر ہ کیا، اور اپنے شعری کلام سے سامعین کو مستفیض کیا ۔ ہم جملہ اساتذہ کی محنتوں اور بچوں کے شاندار مظاہرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔پروفیسر محمد صغیر عالم نے اپنے تاثر ات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلباءکے اندر ذوق شاعری ،اور اسے پوری شائستگی اور برجستگی کے ساتھ حسن ادا کو دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے، اللہ انہیں اس فن کی باریکیوں میں مکمل مہارت اور حذاقت لسانی وشعری کی مزید توفیق بخشے۔اسی طرح مفتی محمد شمیم قاسمی نے طلباءکو حسن ادائیگی میں کشش پیدا کرنے کے لئے تلفظ ومعانی کے ساتھ باڈی لنگویج پر خصوصی توجہ دلائی۔
واضح رہے کہ چاروں ٹیموں نے حکم صاحبان اور سامعین کے سامنے پوری تیاری اور بیدار مغزی کے ساتھ سخنوری کے ذریعہ جس طرح اپنے مدمقابل سے نبر د آزمائی کی ہے ، وہ قابل تعریف ہے، الحمد للہ حکم صاحبان کے فصیلہ کے بعد اس مقابلہ میں جگر مرادآبادی ٹیم کو اول قراردیا گیا ، فاتح ٹیم اورجملہ مساہمین کو نقدی انعامات سے نوازا گیا۔ناظم انجمن مولانا ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی نے حکم صاحبان وجملہ مہمانان کرام کی تشریف آوری پر شکریہ اداکیا ۔
مذکورہ پروگرام میں دارالعلوم واسکے جملہ ملحقہ اداروں کے اساتذہ وطلبہ کے سمیت ، بالخصوص، مفتی وصی الدین قاسمی مدنی، مولانا محمد سعید قاسمی، مولانا وجہ القمر قاسمی ،، مولانا محمد صابر نعمانی، حافظ ذبیح اللہ، مولانا ظل الرحمان ندوی ، مولانا محمدیحیٰ ندوی، ماسٹر فیض احمد ، ماسٹر شمیم احمد، ماسٹر جمیل احمد، محمد قاسم، ماسٹر عصب الدین ، مولوی منصور احمد ندوی کے علاوہ شعر وادب سے دلچسپی رکھنے والے احباب موجود تھے۔
![](https://hamariduniyanews.com/wp-content/uploads/2023/11/appeal.png)